شرجیل میمن کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ نے وفاق سے جواب طلب کر لیا

نیب کے ہاتھوں گرفتار ہوتے ہی لوگ بیمار کیوں ہو جاتے ہیں نیب کو چاہئے ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بھی بنائے ،ْ جسٹس آصف سعید کھوسہ

جمعہ 15 دسمبر 2017 14:49

شرجیل میمن کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ نے وفاق سے جواب طلب کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ نے وفاق سے جواب طلب کر لیا ہے جبکہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ نیب کے ہاتھوں گرفتار ہوتے ہی لوگ بیمار کیوں ہو جاتے ہیں۔ جمعہ کو سابق صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن سمیت محکمہ اطلاعات سندھ میں پانچ ارب 75 کروڑ روپے کے کرپشن ریفرنس میں ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کی۔

دورانِ سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ کیا وجہ ہے نیب کے ہاتھوں گرفتار ہوتے ہی لوگ بیمار ہوجاتے ہیں۔آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ صوفی محمد کے لئے بھی ایک پورا وارڈ مختص کیا گیا تھا جبکہ شرجیل میمن کو ہسپتال کا پورا فلور دیا گیا ہے ،ْ نیب کو چاہئے ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بھی بنائے۔

(جاری ہے)

آصف سعید کھوسہ نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ قانون بیمار لوگوں کو ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دیتا ہے تاہم لوگ اس کا غلط استعمال کر رہے ہیں ۔

میڈیکل بورڈ نے ملزمان کو فیور کرنا شروع کردیا ہے ،ْ اس لئے عدالتیں محتاط ہو گئی ہیں ۔اس موقع پر شرجیل میمن کے وکیل نے کہا کہ جیل انتظامیہ کی درخواست پرسابق وزیر کو ہسپتال منتقل کیا گیابعد ازاں سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے شرجیل میمن سمیت دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت کی مزید سماعت جنوری کے پہلے ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی ہے جبکہ عدالت کی جانب سے شرجیل میمن کی کیس کو آئندہ ہفتے مقررکرنے کی استدعا مسترد کردی گئی۔