میو ہسپتال میں12ڈائیلاسیس مشینوں کی خرابی کیخلاف سمیت 2تحاریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعہ 15 دسمبر 2017 14:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) میو ہسپتال میں گردے کے مریضوں کیلئے 12ڈائیلاسیس مشینوںکی خرابی کے خلاف سمیت 2تحاریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئیں ۔پاکستان مسلم لیگ (ق)کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی کی طرف سے جمع کرائی گئی تحریک التوائے کار میں کہا گیا ہے کہ میو ہسپتال میں گردے کے مریضوں کے ڈائلسیس کے لیے 12مشینوں کی خرابی سے سینکڑوں مریض انتظار کی سولی پر لٹک گئے صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتال میں5ہزار سے زائد گردے کے مریض مفت ڈائیلاسز کی سہولیات حاصل کرنے کیلئے انتظار کی سولی پر لٹک رہے ہیں جبکہ مفت علاج کی سہولت ناکام ہونے سے سینکڑوں گردے کے مریض مشکلات کا شکار ہیں ۔

جبکہ تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے شہر اقتدار میں صفائی کے نام پر البیراک اور اوزپاک پر ہاتھ صفائی، مکینکل صفائی، مکینیکل واشنگ اور کلیکشن و ٹرانسپورٹیشن کا ٹھیکہ جات کی مد میں لاکھوں نہیں 32 کروڑ ڈالرز کی بارش کی گئی لیکن متعلقہ کمپنیاں مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام ہو گئیں۔

(جاری ہے)

تین سالہ معاہدے کے تحت اوزپاک کمپنی کو فی ٹن کورا کرکٹ اٹھانے کے لئے 29 ڈالر اور البیراک کو 24 ڈالر دیئے جا رہے ہیں۔ ساڑھے پانچ سال میں صرف 10 فیصد کوڑا اکٹھا ہو سکا جبکہ بلدیات نمائندگان کی شکایات کے بوجود طاقتور ٹھیکیدار کمپنیوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ۔