ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے رکن شاہد پاشا کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے گرفتار کر لیا

جمعہ 15 دسمبر 2017 13:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے رکن شاہد پاشا کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے گرفتار کر لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن شاہد پاشا کو ڈرائیور سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے نے اسٹیڈیم روڈ سے حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

شاہد پاشا ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد سے اپنے گھر جا رہے تھے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے شاہد پاشا کو گرفتار کرکے ڈرائیور سمیت نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

واضح رہے کہ شاہد پاشا کو اس سے قبل 2 بار قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔ مارچ 2016 میں انھیں حراست میں لیا گیا اور 15 دن بعد چھوڑ دیا گیا، بعدازاں 22 اگست 2016 کو بھی شاہد شاپا کو حراست میں لینے کے بعد ان کی گرفتاری ظاہر کی گئی تھی جس کے بعد وہ ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔