حکومت کا انجن دھواں دے رہا ہے‘

پارلیمانی رہنمائوں کو ناشتے پر وزیراعظم ہائوس بلایا جاتا ہے ، شیخ رشید

جمعہ 15 دسمبر 2017 13:11

حکومت کا انجن دھواں دے رہا ہے‘
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت کا انجن دھواں دے رہا ہے‘ پارلیمانی رہنمائوں کو ناشتے پر وزیراعظم ہائوس بلایا جاتا ہے لیکن وہاں انہیں مایوسی سے گزرنا پڑتا ہے‘ فاٹا اصلاحات بل اسمبلی میں پیش نہیں کیا گیا حیلے بہانوں سے وقت ضائع کیا جارہا ہے‘ فاٹا کے لوگوں کو اسلام آباد کا رخ کرنا ہوگا‘ ساری اپوزیشن جماعتیں ان کے ساتھ کھڑی ہوں گی ہم بھی بھرپور طریقے سے ان کا خیر مقدم کریں گے۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ روز کہا جارہا تھا جمعہ کو وزیراعظم پارلیمانی رہنمائوں کو ناشتے پر بلا کر مسئلے کو حل کریں گے آج جب پارلیمانی رہنما وہاں گئے تو بتایا گیا کہ آپ کو بلایا ہی نہیں گیا صرف سینیٹرز کو حلقہ بندیوں کے حوالے سے بلایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رہنمائوں کو ناشتے پر بلایا جاتا ہے وہاں انہیں مایوسی سے گزرنا پڑتا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں نے سپیکر کو مبارکباد دی کہ آپ نے سوچ بولنا شروع کیا ہیآپ کو مبارکباد دیتا ہوں انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات بل آج بھی پیش نہیں ہوا۔ حیلے بہانوں سے وقت ضائع کیا جارہا ہے۔ محمود خان اچکزئی نے دھمکی دی ہے کہ بل پاس کیا تو افغانستان اس کا نوٹس لے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کریڈٹ لے سکتی تھی مگر حکومت کے پلگوں میں کچرا پھنسا ہوا ہے حکومت کا انجن دھواں دے رہا ہے۔ فاٹا کے لوگوں کے پاس اس کے علاوہ کوئی گنجائش نہیں رہ گئی فاٹا کے لوگوں کو اسلام آباد کا رخ کرنا ہوگا ساری اپوزیشن جماعتیں ان کے ساتھ کھڑی ہوں گی ہم بھرپور طریقے سے ان کا خیر مقدم کریں گے۔