نجی یونیورسٹی کے کینٹین میں صفائی کی ابتر صورتحال پر منیجر گرفتار

جمعہ 15 دسمبر 2017 12:55

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء)ضلعی انتظامیہ نے کچن میں صفائی کی ابتر صورتحال پر سرحد یونیورسٹی کے کینٹین منیجر کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور اسلام زیب کو سرحد یونیورسٹی کے طلباء کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ سرحد یونیورسٹی کی کینٹین میں صفائی کی حالت بہت خراب ہے اور سٹاف کی حالت بھی درست نہیں ہے۔

جس پر نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرنے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد ہمایون کو کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے سرحد یونیورسٹی کے کچن کا معائنہ کیا جس کے دوران کچن میں صفائی کی حالت انتہائی ناقص تھی اور سٹاف بھی حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف کام کر رہے تھے۔ اس پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے برہمی کا اظہار کر تے ہوئے منیجر کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر پشاور نے تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو یونیورسٹیوں اور کالجوں کے کچن کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انھوں نے تمام یونیورسٹیوں اور کالجوں کی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے وہ کچن میں صفائی کی حالت بہتر بنائیں اور حفظان صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔ انتظامیہ کے مطابق گرفتار منیجر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔