قطر کو 2018ء میں 7.7 ارب ڈالر کے بجٹ خسارے کا اندیشہ

جمعہ 15 دسمبر 2017 10:40

قطر کو 2018ء میں 7.7 ارب ڈالر کے بجٹ خسارے کا اندیشہ
دوحہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) قطر کی وزارت مالیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ 2018ء کے بجٹ میں خسارے کا حجم تقریباً 7.7 ارب ڈالر ہو گا۔ توانائی کی قیمتوں میں کمی کے سبب قطر کے بجٹ کو مسلسل تیسرے سال خسارے کا سامنا ہے۔قطر کی وزارت مالیات کے اعلان کے مطابق آئندہ بجٹ میں آمدنی کا تخمینہ 47.7 ارب ڈالر جب کہ اخراجات کا حجم 55.4 ارب ڈالر متوقع ہے۔

(جاری ہے)

وزارت کے مطابق اس نے تیل کے ذریعے آئندہ آمدنی کا حساب 45 ڈالر فی بیرل کی بنیاد پر کیا ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود تخمینے میں 2017 کی قیمتوں میں تبدیلی نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ 15 برس تک اضافی آمدنی کے بعد 2016ء میں قطر کو پہلی مرتبہ اپنے بجٹ میں 12 ارب ڈالر کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔توقع ہے کہ بڑے منصوبوں پر اخراجات کا حجم 25 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا جو کہ تقریبا 2017 کے اخراجات کے برابر ہے۔ قطری وزارت کے مطابق ان میں تین ارب ڈالر فٹبال کے عالمی کپ کے منصوبوں کے لیے مختص ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :