وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کاسبی کا دورہ،پروجیکٹ منیجر کمانڈنگ آفیسر کرنل عمر فاروق نے سبی ہرنائی ریلوے سیکشن اور سبی اسٹیشن پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی

جمعرات 14 دسمبر 2017 23:30

کوئٹہ۔ 14دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے جمعرات کے روز سبی کا دورہ کیا۔،صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز خان بگٹی،صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال،آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری،ڈائریکٹر جنرل نیشنل لاجسٹک سیل میجر جنرل فیصل مشتاق اورسی ای او پاکستان ریلوئے انور جاوید ان کے ہمراہ تھے۔

سبی پہنچنے پر مہمانوں کا کمشنر سبی ڈویژن شہریار تاج، ڈی آئی جی پولیس سبی ملک سلیم لہڑی، کمانڈنٹ سبی اسکائوٹس کرنل ذوالفقار باجوہ،ڈپٹی کمشنر سیف اللہ کھیتران نے استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ، وفاقی وزیر ریلوے اور صوبائی وزراء نے سبی اسٹیشن کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروجیکٹ منیجر کمانڈنگ آفیسر کرنل عمر فاروق نے سبی ہرنائی ریلوے سیکشن اور سبی اسٹیشن پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2.4ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا سبی ہرنائی ریلوے سیکشن 134کلومیٹر طویل ہے جس پر 70فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکا ہے اورمارچ کے آخر تک باقی ماندہ کام بھی مکمل کر کے یہ سیکشن آمدو رفت کے لئے کھول دیا جائیگا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ سیکشن 2006سے دہشت گردوں کے حملوں اور سیلاب کی وجہ سے متاثرہواجس پر کام کا آغاگذشتہ سال شروع کیا گیا اور اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ جس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر ریلوے نے این ایل سی کی کائوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سیکشن پر کام مارچ تک مکمل کر لیا جائیگا۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان ، وفاقی وزیر ریلوے اور صوبائی وزرا ء نے تندوری کے مقام پر زیر تعمیر پل کا دورہ کیا اور اس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور کام کرنے والے انجینئرز اور مزدوروں سے بات چیت بھی کی۔