�لین روپے کا فراڈ ، نیب بلوچستان نے برادرز انٹر نیشنل فرم کے مفرور مالک کو ملتان سے گرفتار کر لیا،فرم مالکان نے ملکر سینکڑوں لوگوں کو اسٹاک ایکسچینج میں شیئرز کے کاروبار میں منافع کا جھانسہ دیکر کروڑوں روپوں سے محروم کیا

جمعرات 14 دسمبر 2017 23:30

کوئٹہ۔ 14دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) عوام النا س سے 155 ملین روپے کا فراڈ ، نیب بلوچستان نے برادرز انٹر نیشنل فرم کے مفرور مالک خالد اکرم کو ملتان سے گرفتار کر لیا ۔برادر ز انٹر نیشنل فرم کے مالکان نے ملکر سینکڑوں لوگوں کو سٹاک ایکسچینج میں شئیرز کے کاروبار میں منافع کا جھانسہ دیکر کروڑوں روپوں سے محروم کیا۔

تحقیقات کے مطابق ملزمان نادر تحسین، عامر تحسین ، بابر تحسین، جاوید اکرم اور خالد اکرم نے سال 2004 میں برادرز انٹر نیشنل کے نام سے ایک فرم بنائی، ملزمان نے کاروبار کی آڑ میں سادہ لوح لوگوں سے سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری اور منافع کا لالچ دیکر کروڑوں روپے جمع کرنا شروع کئے۔ جب جھانسے میں آنے والے لوگوں کی تعداد کئی سو تک پہنچی تو ملزمان فرم بند کر کے رو پوش ہو گئے۔

(جاری ہے)

دھوکہ دہی کے کیس کاجب عقدہ کھلا تو مذکورہ فرم کے ہاتھوں لٹنے والے 250 متاثرین نے نیب سے رجوع کیا۔ جس پر ڈپٹی ڈائر یکٹر فیاض افضل کی سربراہی میں قومی احتساب بیورو کی ٹیم نے ملزمان کے خلاف ثبوت اکھٹے کر کے ریفرنس عدالت میں دائرکر دیا ۔ نیب کی تحقیقات کی روشنی میں احتساب عدالت نے ملزمان کے نا قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ، تاہم ملزمان کی عدم پیشی پر عدالت نے ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔ احتساب عدالت ملتان سے ملزم کا حفاظتی ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے اور کل (جمعہ) کو احتساب عدالت کوئٹہ میں پیش کیا جائیگا۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری جلد متوقع ہے۔