قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کی تقریبات ’’ہمارا قائد اور میں ہوں قائد کا پاکستان‘‘ کے موضوع کے ساتھ قومی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منائی جائیں گی،قائد کی سالگرہ کی تقریبات کو یادگار موقع بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے

،قانون کی حکمرانی اور آئین و جمہوریت کی بالادستی کے حوالے سے بابائے قوم کے اعلیٰ تصورات اور خیالات کو اجاگر کیا جائے، وزیرمملکت برائے اطلاعات، نشریات ، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب کی وزارت اطلاعات و نشریات کے متعلقہ حکام کو ہدایت

جمعہ 15 دسمبر 2017 00:32

قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کی تقریبات ’’ہمارا قائد اور میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) وزیرمملکت برائے اطلاعات، نشریات ، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کی تقریبات ’’ہمارا قائد اور میں ہوں قائد کا پاکستان‘‘ کے موضوع کے ساتھ قومی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منائی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیر مملکت نے وزارت اطلاعات و نشریات کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قائد کی سالگرہ کی تقریبات کو اس سال یادگار موقع بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے بالخصوص قانون کی حکمرانی اور آئین و جمہوریت کی بالادستی کے حوالے سے بابائے قوم کے اعلیٰ تصورات اور خیالات کو اجاگر کرنے اور فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح برصغیر کے سیاسی منظر نامے پر ایک ممتاز اور کرشماتی شخصیت کے طور پر ابھرے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو جمہوری اور آئینی راستے کے ذریعے الگ مادر وطن کی اعلیٰ منزل کے حصول کے قابل بنایا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس مقصد کیلئے قائداعظم کا عزم اور ولولہ غیر متزلزل تھا،پاکستان کی تشکیل کیلئے ان کے بے مثال کردار کو ہر پاکستانی ہمیشہ عزت و احترام کی نظر سے دیکھے گا۔ اجلاس میں قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کے حوالے سے مختلف تجاویز اور منصوبوں پر غور و خوض ہوا۔ وزیر مملکت نے قائداعظم کی سالگرہ کی مناسبت سے تیاری کے عمل کو مزید بہتر بنانے کیلئے انتظامی اقدامات کے حوالے سے مختلف ہدایات بھی جاری کیں۔

انہوں نے پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کو ہدایت کی کہ وہ بابائے قوم کی زندگی اور خدمات کے بارے میں پرومو اور دیگر نشریات کا فوری طور پر آغاز کریں اور اس کے ساتھ ساتھ تقریبات کے موضوع کو بھی اجاگر کیا جائے۔ مریم اورنگزیب نے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کو ہدایت کی کہ قائد کی زندگی کے بارے میں نادر تصاویر، پینٹنگز اور خطاطی کی نمائش کے ساتھ ساتھ سکول کے بچوں کے مابین مصوری اور مضمون نویسی کے مقابلوں کا اہتمام کیا جائے۔

انہوں نے پی آئی ڈی کو ہدایت کی کہ پی بی اے ، اے پی این ایس اور سی پی این ای جیسے ذرائع ابلاغ کی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ باضابطہ خط و خطابت کے ذریعے راستہ استوار کرے تاکہ سالگرہ کے موقع پر قائد کے پیغام کو اجاگر کرنے کیلئے ان کا تعاون حاصل کیا جا سکے۔ وزیر مملکت نے پی این سی اے اور لوک ورثہ کو بھی ہدایت کی کہ ثقافتی نکتہ نظر کے ذریعے معاشرے کے مختلف طبقات میں امن ، ہم آہنگی، یکجہتی کے فروغ کے مقصد کے ساتھ اس دن کو منانے کیلئے خصوصی انتظامات اور پروگراموں کا اہتمام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت کے تمام متعلقہ محکمے ، سوشل میڈیا اور اپنی آفیشل ویب سائٹس پر قائداعظم کے پوسٹروں، اقوال اور تقاریر کے ذریعے تقریبات کے موضوع کو اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام تقریبات میں نوجوانوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے کیونکہ عظیم بصیرت انگیز رہنما کے اعلیٰ تصورات کو نئی نسل تک منتقل کرنا بہت ضروری ہے۔ اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ اور اس سے ملحقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔