تعلیمی معیار میں پنجاب تیسرے،خیبرپختونخوا پانچویں نمبر پر ہے،این جی اوالف اعلان کی رپوٹ

جمعہ 15 دسمبر 2017 00:32

تعلیمی معیار میں پنجاب تیسرے،خیبرپختونخوا پانچویں نمبر پر ہے،این ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء) تعلیم کے میدان میں کام کرنے والی ’این جی او‘ الف اعلان کی تعلیمی درجہ بندی رپورٹ میں پنجاب کو تیسرے جبکہ خیبر پختونخوا کو پانچویں پر رکھا گیا ہے۔پاکستان میں تعلیمی معیار اور سہولیات کے حوالے سے پاکستان ڈسٹرکٹ ایجوکیشن رینکنگز 2017 کے عنوان سے ’الف اعلان‘ کی جاری ہونے والی رپورٹ میں ملک کے چاروں صوبوں، اسلام آباد، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان کی ضلعی تعلیمی درجہ بندی کی گئی ہے۔

ملک کے 141 اضلاع کی فہرست میں خیبر پختونخوا کا ضلع ہری پور پہلے نمبر پر رہا، فہرست کے پہلے 10 اضلاع میں سے پنجاب کے پانچ، آزاد کشمیر کے 4 جبکہ خیبر پختونخوا کا ایک ضلع شامل ہے۔مجموعی طور پر ملک میں تعلیمی نظام کی بات کی جائے تو پہلے نمبر پر آزاد کشمیر، دوسرے پر اسلام آباد، تیسرے پر پنجاب جبکہ چوتھے نمبر پر گلگت بلتستان رہا۔

(جاری ہے)

اس درجہ بندی میں خیبر پختونخوا پانچویں اور بلوچستان چھٹے نمبر پر رہا جبکہ تعلیم کے ناقص نظام کی وجہ سے سندھ اور فاٹا سب سے پیچھے رہے۔

پرائمری سکولوں کے انفراسٹرکچر اور سہولیات کے لحاظ سے خیبر پختونخوا سب پر سبقت لے گیا اور پہلے 10 اضلاع میں سے 9 اضلاع خیبر پختونخوا کے سامنے آئے۔مڈل اسکولوں کے انفراسٹرکچر اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں صوبہ پنجاب سب سے آگے رہا۔رپورٹ کے مطابق مڈل اسکولوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لحاظ سے پہلے 10 اضلاع میں سے 9 کا تعلق پنجاب سے ہے، خیبر پختونخوا اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں کی جانب سے متعارف کرائی گئی تعلیمی اصلاحات کے ثمرات نظر آرہے ہیں، تاہم بلوچستان اور سندھ تعلیم کے میدان میں دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بدستور پیچھے ہیں۔

متعلقہ عنوان :