کوئٹہ،پی ٹی آئی برسراقتدار آکر عوام کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گی، حاجی میر محمد اسماعیل لہڑی

موجودہ حکمران عوام کو زندگی کی سہولیات کی فراہمی کے بلند و بانگ دعوئوں کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام ہو چکے ہیں،سینئر نائب صدر تحریک انصاف بلوچستان

جمعہ 15 دسمبر 2017 00:31

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے سینئر نائب صدر حاجی میر محمد اسماعیل لہڑی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی برسراقتدار آکر عوام کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گی موجودہ حکمران عوام کو زندگی کی سہولیات کی فراہمی کے بلند و بانگ دعوئوں کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام ہو چکے ہیں یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ کے نواحی علاقے ایف سی کالونی کلی مبارک کے قریب حلقہ پی بی 4 میں ٹیوب ویل کے افتتاح کے موقع پر کہی اس موقع پر حاجی جہانزیب ‘ حاجی فردوس خان ‘ شازیب ‘ قیصر خان سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی میر اسماعیل لہڑی نے کہا کہ موجودہ قوم پرست حکمرانوں نے برسراقتدار آنے سے قبل عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی امن وامان کی بحالی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے بلند و بانگ دعوے کئے تھے لیکن آج کوئٹہ شہر حکمرانوں کی عدم توجہ کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے کیونکہ حکمران اقتدار میں رہ کر اپنے ذاتی مفادات کے حصول کو یقینی بنا رہے ہیں اور عوام مختلف مسائل جبکہ پورا ملک شدید بحران سے دوچار ہے حکمران اپنے نااہل وزیراعظم کو بچانے کے لئے سرگرم عمل ہیں انہیں ملک اور قوم سے کوئی مفاد نہیں کیونکہ ان کے اپنے ذاتی مفادات ہیں اس لئے کرپشن لوٹ مار کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر ملک اور قوم کو مسائل کے بھنور میں دھکیل رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف برسراقتدار آکر عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی طرح بلوچستان کو بھی ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی کیونکہ عوام کی امیدیں پی ٹی آئی سے وابستہ ہیں اور ہم ان پر پورا اتریں گے ۔