ممنوعہ، زائد المعیاد ،جعلی ، غیر رجسٹرڈ ادویات بغیر ڈرگ سیل لائسنس کے فروخت کرنے اور غیر قانونی میڈیکل پریکٹس کی پاداش میں 5میڈیکل اسٹورز کے مالکان کے خلاف مقدمات درج

جمعہ 15 دسمبر 2017 00:31

سیالکوٹ۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء)ممنوعہ، زائد المعیاد ،جعلی ، غیر رجسٹرڈ ادویات بغیر ڈرگ سیل لائسنس کے فروخت کرنے اور غیر قانونی میڈیکل پریکٹس کی پاداش میں 5میڈیکل اسٹورز کے مالکان کے خلاف مقدمات درج جبکہ 11کیسز پراسیکیویشن کیلئے ڈرگ کورٹ بھجوادیئے گئے ۔ یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس میں کیا گیا اجلاس میں سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سیالکوٹ ڈاکٹر لطیف احمد ساہی ڈاکٹر ریحان انور اور سیکرٹری ڈی سی کیو بی فرح مجیدکے علاوہ ڈرگ انسپکٹرز نے شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے ڈرگ انسپکٹر ز کو ہدایت کی کہ وہ غیر قانونی ادویات فروخت کرنے والوں کا سختی سے محاسبہ کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کسی کو بھی انسانی جان و مال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 30کیسز زیر غور آئے جس میںغیر رجسٹرڈ ادویات،بغیر ریکارڈ کے سٹیرائڈ اور کنٹرول ڈرگ بغیر کوالیفائیڈ پرسن کے فروخت اور رکھنے کی پاداش میں 5میڈیکل اسٹورز کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے اور11کیسر ڈرگ کورٹس بھجوا نے کا فیصلہ کیا گیا اور2کو شوکاز جاری کردیئے گے جبکہ 7میڈیکل اسٹورز کو ڈرگ قوانین پر 100فیصد عملدرآمد کی یقینی دہانی کا بیان حلفی جمع کروانے کی ہدایت کی اور وارننگ جاری کی گئی ۔

اجلاس میں ایک نظر ثانی کی اپیل مسترد کردی گئی جبکہ زیر التواء کیسز کی سماعت کے بعد ایک کیس کو داخل دفتر کردیاگیا۔