حافظ نعیم الرحمن کی مولانا اسفندیار ، حکیم مظہر ،مفتی محمدنعیم سے ملاقات ، القدس ملین مارچ میں شرکت دعوت

مولانا اسفند یار ، حکیم مظہراور مفتی محمد نعیم کی جانب سے 17دسمبر کو ہونے والے ’’القدس ملین مارچ ‘‘کی مکمل حمایت و شرکت کی یقین دہانی

جمعہ 15 دسمبر 2017 00:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جمعرات کے روز،شیخ القرآن والحدیث و مہتمم جامعہ دارالخیر گلستان جوہر مولانا اسفندیا ر خان ، جامعہ اشرف المدارس کے مہتمم حکیم محمد مظہر ،شیخ الحدیث و مہتمم جامعہ بنوریہ العالمیہ سائٹ مفتی محمد نعیم ،سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور ان کو جماعت اسلامی کے تحت 17دسمبرکو حسن اسکوائر مین یونیورسٹی پر ہونے والے ’’القدس ملین مارچ‘‘ میں شرکت کی دعوت دی ۔

معزز علماء کرام نے مارچ کی مکمل حمائت اور تائید کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا ۔ ملاقاتوں میں عالمی حالات اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز بالخصوص بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قراردینے کے فیصلے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی تبادلہٴ خیال کیا گیا اورامریکی صدر کے فیصلے کو امت مسلمہ کے خلاف کھلی جنگ اورپوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ قراردیتے ہوئے اس امر پر اتفاق کیا کہ اس فیصلے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جانا چاہیئے ، مسلم دنیا کی جانب سے اس فیصلے کے خلاف عملی ، ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کرنے چاہیئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی محمد اسحاق خان ، امیر ضلع شرقی یونس بارائی ، امیر ضلع غربی عبد الرزاق خان ، جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید ،ضلع شرقی کے صدر حافظ خالد مسعود ، ضلع غربی کے صدر مولانا فضل احد اور دیگر بھی موجود تھے ۔علماء کرام نیحافظ نعیم الرحمن کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملین مارچ کی مکمل تائید و حمایت اور شرکت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس ہمارے ایمان کا معاملہ ہے ، بیت المقدس مسلمانون کا قبلہٴ اول ہے ، ہم کسی صورت میں بھی بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے ۔

ملین مارچ سے باطل قوتو ں پیغام جانا چاہیئے کہ اس مسئلہ پر تمام اہل ایمان ایک ہیں۔ انہوںنے تمام علمائے کرام و ائمہ مساجد سے اپیل کی ہے کہ جمعہ کے خطبے میں بیت المقدس کی فضیلت کے حوالے سے مسلمانوں کو آگاہ کریں۔ حافظ نعیم الرحمن نے علماء کرام کا ’’القدس ملین مارچ‘‘کی حمایت و شرکت پر اظہا ر تشکر کیا اور اس توقع کا اظہار کیا علماء کرام نہ صرف خود بلکہ اپنے طلبا ء کو بھی مارچ میں شریک کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ بیت المقدس کا تقدس ہمارے ایمان کا معاملہ ہے ،بیت المقدس مکہ مدینہ کے بعد تیسرا حرم ہے اور مسلمانوں کا قبلہٴ اول ہے ،انہوں نے کہا کہ تمام اہل ایمان جذبہ ایمان سے سر شار ہوکر ’’القدس ملین مارچ‘‘ میں بھرپور طریقے سے شریک ہوں۔