سانحہ قصبہ و علیگڑھ میں سفاک دہشت گردوں نے گھنٹوں ظلم و بربریت کا بازار گرم کیا ، خواتین ، بچوں ،بزرگوں اورنوجوانوں کو زندہ جلایا ، فاروق ستار

کئی برس گزر جانے کے باوجود اس سانحہ کے ذمہ داروں کو نہ تو سزا دی گئی اور نہ ہی انہیں کیفرکردار تک پہنچایا گیا سانحہ قصبہ و علیگڑھ 14دسمبر1986ء شہداء کی 31ویں برسی کے موقع پر سربراہ ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر محمد فاروق ستار کا خصوصی بیان

جمعہ 15 دسمبر 2017 00:20

سانحہ قصبہ و علیگڑھ میں سفاک دہشت گردوں نے گھنٹوں ظلم و بربریت کا بازار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاہے کہ حق پرستی کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے حق پرست شہداء کی قربانیاں ایم کیوایم کا اثاثہ ہیں اور ایم کیوایم پاکستان اپنے حق پرست شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کرے گی ۔ سانحہ قصبہ و علیگڑھ کے شہداء کی 31ویں برسی کے اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے کہاکہ سانحہ قصبہ و علی گڑھ ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے جسے ایم کیوایم مخالف عناصر نے ہمیشہ سرد خانے کی نذر کرنیکی نہ صرف کوشش کی بلکہ اس بڑے اور المناک سانحہ کی تحقیقات تک کرنے نہیں دی گئی اور اسے تاریخ کے صفحات سے مٹانے کی گھنائونی سازش کی گئی ۔

انہوں نے کہاکہ 14، دسمبر1986ء کو دہشت گردوں نے قصبہ و علیگڑھ کالونی پر مسلح حملہ کرکے گھنٹوں آتشی ہتھیاروں کا کھلے عام ستعمال کیا اور فائرنگ کرکے خواتین ، بچوں ، بزرگوں سمیت کئی افراد کا وحشیانہ قتل عام کیا ، سفاک دہشت گردوں نے خواتین ، بچوں اور بزرگوں کو زندہ جلایا ، گھروں کو آگ لگائی اور لوٹ مار کرکے ظلم و بربریت کا بازار گرم کیا لیکن افسوسناک امر یہ ہے کئی برس گزر جانے کے باوجود اس سانحہ کے ذمہ داروں کو نہ تو سزا دی گئی اور نہ ہی انہیں کیفرکردار تک پہنچایا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 14دسمبر1986ء کو ظلم و بربریت کا بازار گھنٹوں جاری رہا لیکن قانون نافذ کرنیو الے ادارے مظلوم عوام کی مدد کیلئے پہنچے اور شہداء کے لواحقین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیگی اور انشاء اللہ حق پرستانہ جدوجہد اپنی منزل تک ضرور پہنچے گی ۔ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے سانحہ قصبہ و علیگڑھ کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے قاتلوں کی جلد گرفتاری اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔