Live Updates

بہاری ایک محب وطن قوم ہے ،آبائو اجداد نے پاکستان کی آزادی میں بیش بہا قربانیاں دی ہیں، عمران خان

جب تحریک انصاف اقتدار میں آئیگی تو آپ کے شناختی کارڈ سمیت دیگر تمام مسائل ترجیحی بنایادوں پر حل کریں گے، اورنگی ٹائون میں ممبر سازی مہم کی تقریب سے خطاب

جمعہ 15 دسمبر 2017 00:20

بہاری ایک محب وطن قوم ہے ،آبائو اجداد نے پاکستان کی آزادی میں بیش ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بہاری بھی ایک محب وطن قوم ہے ۔ ان کے آبائو اجداد نے پاکستان کی آزادی میں بیش بہا قربانیاں دی ہیں ۔ آج نادرا انکے ساتھ زیادتی کر کے انکے شناختی کارڈ نہیں بنا رہا ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ جب تحریک انصاف اقتدار میں آئے گی تو آپ کے شناختی کارڈ سمیت دیگر تمام مسائل ترجیحی بنایادوں پر حل کریں گے۔

اہلیان اورنگی کو میں تحریک انصاف مبارکباد دیتا ہوں اور اپنے حقوق کے حصول کے لئے تحریک انصاف کے پلیٹ فارم پر متحدہوجائیں۔ یہ باتیں انہوں نے ضلع غربی کے علاقے اورنگی ٹائون ڈسکو موڑ پر ممبر سازی مہم کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحریک انصا ف کے مرکزی سینئر رہنما علی زیدی، کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی ، ضلع غربی کے صدر سبحان علی ساحل، تحریک انصاف کے رہنما زاہد حسین، سید ابو آزاد ، محمد عمران خان ،محمد مقصود ، عارف جگو ،سعید احمد اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اہلیان اورنگی ٹائون کے ساتھ پولیس کا غیر مناسب رویے کی مذمت کرتے ہیں اور پولیس انتظامیہ کو بتانا چاہتے ہیں کہ اپنا قبلہ درست کریں ، بے جا لوگوں کو تنگ نہ کریں ۔تحریک انصاف جب اقتدار میں ہوگی تو یہاں اورنگی ٹائون کے نوجوانوں کے لئے روزگار، تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی اور صفائی ستھرائی جیسے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

تحریک انصاف لسانیت اور فرقہ واریت سے بالا تر ہو کر تمام پاکستانیوں کے لئے بلا رنگ و نسل سیاسی جدوجہد کر رہی ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ سانحہ بلدیہ کے متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں انصاف فراہم کرنے کے لئے تحریک انصاف اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ سانحہ بلدیہ کے کیس کو تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما علی زیدی ترجیحی بنیادوں پر دیکھ رہے ہیں اور اس سانحہ میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے تحریک انصاف بھرپور کردار ادا کرے گی۔

تحریک انصاف کی ممبر سازی میں اورنگی ٹائون کے لوگ بھرپور حصہ لیں اور پی ٹی آئی کے ممبر بنیں ۔ اس موقع پر ڈسکو موڑ اورنگی ٹائون میں عمران خان زندہ باد ، تحریک انصاف زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگے اور عمران خان پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات