Live Updates

کراچی وہ شہر تھا جہاں سارے پاکستان کی سیاسی تحریکیں شروع ہوتی تھیں ۔ لوگ پاکستان بھر سے یہاں نوکریاں ڈھونڈنے آتے تھے، عمران خان

پہلے کراچی میں روزگار تھا لیکن اب لوگ بیرون ملک کا کر سرمایا کاری کر رہے ہیں اور صنعتیں لگا رہے ہیں کراچی کو پہلے تو مہاجر قوم کو علیحدہ کیا پورے پاکستان سے اور پھر مہاجر اور اردو اسپیکنگ قوم پر سیاست کی گئی۔ کراچی میں میرٹ کا سسٹم نہیں ہے،وقت آگیا ہم ناکام سیاست سے نکل کر قومی دھارے کی سیاست کریں، نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل چورنگی پر ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعہ 15 دسمبر 2017 00:20

کراچی وہ شہر تھا جہاں سارے پاکستان کی سیاسی تحریکیں شروع ہوتی تھیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی وہ شہر تھا جہاں سارے پاکستان کی سیاسی تحریکیں شروع ہوتی تھیں ۔ لوگ پاکستان بھر سے یہاں نوکریاں ڈھونڈنے آتے تھے۔ پہلے کراچی میں روزگار تھا لیکن اب لوگ بیرون ملک کا کر سرمایا کاری کر رہے ہیں اور صنعتیں لگا رہے ہیں۔کراچی کو پہلے تو مہاجر قوم کو علیحدہ کیا پورے پاکستان سے اور پھر مہاجر اور اردو اسپیکنگ قوم پر سیاست کی گئی۔

کراچی میں میرٹ کا سسٹم نہیں ہے ، نوجوانوں کو نوکریاں نہیں ملتی تھیں۔ جو مہاجر وں کی آواز بنے ہوئے تھے انہوں نے 30سال میں مہاجروں کے لئے کیا کیا کراچی کے حالات پہلے سے زیادہ خراب ہیں ۔ کراچی شہر کے مسائل صرف کراچی شہر کی سیاست کرنے والے حل نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

میں ضلع وسطی کے نوجوانوں کو خاص طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ وقت آگیا ہے کہ ناکام سیاست سے نکل کر قومی دھارے کی سیاست کریں ۔

جب ایک پارٹی مرکز میں آ کر قانون بدلے گی تب حالات ٹھیک ہونگے۔ کراچی کے میئر جب ابھی اختیارات نہیں لے سکتے تو آگے جا کر کیسے لیں گے۔ ہم کراچی میں ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے جو کے پی کے میں ہے۔ موجود ہ حکمران یہ نظا م نہیں لا سکتے۔ دنیا کے کسی بھی بڑے شہر میں ہمیشہ ایک بہترین بلدیاتی نظام براہ راست منتخب ہونے والا میئر ٹھیک کرتا ہے۔

اللہ نے ہمیں اقتدار دیا تو پاکستان کے سارے شہروں میں وہ بلدیاتی نظام لائیں گے جو دنیا میں چل رہا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل پر واقع جیفکو گرائونڈ میں ضلع وسطی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ کراچی میں پولیس کا نظام ناقص ہے۔ آئی جی سندھ بھی کہتے ہیں ہمیں پختونخواہ جیسا پولیس کا نظام چاہئے۔

پختونخواہ کی پولیس کو ہم نے مضبوط اور آزاد کیا، میرٹ پر لے کر آئے ۔ دس سال میں جتنی دہشت گردی کے پی کے میں تھی وہ پروفیشنل کے پی کے پولیس نے آج بہت کم کردی ہے۔ ہم ایسا نظا م سندھ اور خاص طور پر کراچی میں لائیں گے۔ ایک این جی او کی سروے رپورٹ کے مطابق 10میں سے 9ضلع جن میں بہترین تعلیم دی جارہی ہے وہ کے پی کے میں ہیں۔ بہت افسوس کی بات ہے کہ کراچی ان میں شامل نہیں ہے۔

ایم کیو ایم کراچی میں 30سال سے اقتدار میں ہیں اور دیگر جماعتیں بھی چھ چھ باریاں لے چکی ہیں لیکن تحریک انصاف کی پہلی حکومت نے وہ سب کردکھایا ہے جو یہ لوگ کئی دہائیوں میں نہیں کر سکے۔ ماحول کی بہتر ی کے لئے ہم نے 1ارب 18کروڑ درخت کے پی کے میں لگائے ہیں جو کہ کسی ملک میں نہیں لگے۔ یہ سب ہم نے صرف اپنی آنے والی نسلوں کے لئے کیا ہے۔ میں چیلنج کرتا ہوں کہ آج سب سے بہترین سرکاری ہسپتال کے پی کے میں ملیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں انصاف کا موثر نظا م لانے کی ضرورت ہے۔ پیسے کی بناء پر انصاف نہیں مل سکتا۔ ہم کمزور طبقے کو اوپر لائیں گے، نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار فراہم کریں گے تاکہ ملک ترقی کرے۔ میں تحریک انصاف ضلع وسطی کے نوجوان ، بہنیں اور مائوں کو کہتا ہوں کہ وہ لوگ جن لوگوں نے ہمیشہ آپ کو لسانیت کے نام پر استعمال کیا ہے وہ کبھی آپ کے اور آپ کے شہر کے حالات کو ٹھیک نہیں کر سکتے۔ ہم ملک میں ایسا انصاف کا نظام لائیں گے جو کسی طبقے میں فرق نہ رکھتا ہو۔ ہم اقتدار میں آ کر معیشت کی ترقی کے لئے کام کریں گے تاکہ لوگ باہر سے آ کر پاکستان میں سرمایا کاری کریں ۔ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کو آپ ترقی کرتا ہوا دیکھیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :