مختلف شہروں کے صحافیوں کا شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کا دورہ

جمعہ 15 دسمبر 2017 00:11

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) اسلام آباد ، لاہور و دیگر شہروں کے نامور صحافیوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ممبر آپریشن اور پلاننگ پروفیسر ڈاکٹر غلام رضا بھٹی اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشن اور پبلیکیشن عائشہ اکرام کی سربراہی میں شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کا دورہ کیا اور وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے صحافیوں کو یونیورسٹی کی تدریسی، تحقیقی و فزیکل ترقی، تدریسی پروگرام، انتظامی ڈھانچے، کامیابیوں اور مستقل کے لائحہ عمل کے متعلق آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے ISO 9001:2015سرٹیفیکیشن حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کے دو شعبہ جات بزنس ایڈمنسٹریشن اور ٹیچر ایجوکیشن نے ایکریڈیشن حاصل کرلی ہے جبکہ دو مزید شعبہ جات کمپیوٹر سائنس اور فارمیسی کی ایکریڈیشن تکمیل کے نزدیک ہے۔

(جاری ہے)

ہم اس علاقے کے نادار طلبہ و طالبات کو تعلیم فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے حال ہی میں اپنے دو نئے کیمپس گھوٹکی اور شہدادکوٹ میں قائم کیئے ہیں۔ ڈاکٹر پروین شاہ نے صحافیوں سے کہا کہ وہ متوازن رپورٹنگ کریں اور اداروں کی ترقی کو اجاگر کریں اور عوام میں تعلیمی اداروں کے متعلق آگاہی پیدا کریں۔ پروفیسر ڈاکٹر غلام رضا بھٹی نے کہا کہ بالائی سندھ کے دورے کا مقصد یہاں کی جامعات کی ترقی، تعلیم اور تحقیقی امور سے حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان بنا کسی تفریق کے ملک کے کونے کونے میں اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ جامعات کے مثبت کردار کو عوام کے سامنے لائیں۔ اس موقع پر صحافیوں نے یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹوں، آرکیالاجی اور اینتھروپولاجی میوزیم، سید قائم علی شاہ اسپورٹس کمپلیکس، سینٹر فار بائیو ڈائیورسٹی اور کنزرویشن و دیگر مقامات کا دورہ کیا۔ صحافیوں کے وفد میں محمد علی جڑھ، رب نواز احمد خان، صائمہ نواز چوہدری، حافظ عمران انور، حسن حفیظ، ضیغم نقوی، فوزیہ عارفہ، خالدہ پروین و دیگر پر مشتمل تھا۔