سندھ حکومت خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف کام کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ

جمعہ 15 دسمبر 2017 00:05

سندھ حکومت خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف کام کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت خواتین کو ہر قسم کی ہراساں کرنے کے خلاف کام کررہی ہے۔ جمعرات کو وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے مقامی ہوٹل میں انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹس آف پاکستان کی جانب سے منعقدہ آئی سی اے پی لیڈر شپ سمٹ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ سمٹ کا موضوع بہت اہم ہے، سائنس فکشن تبدیل ہوکر حقیقت بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سمٹ سے یہ بات سمجھ میں آجائے گی کہ دنیا کس طرح تبدیل ہو رہی ہے اور یہ تبدیلی آپ کی زندگی میں کس طرح اثرانداز ہورہی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آٹومیشن کے باعث 35 فیصد سے زائد ملازمتیں متاثر ہورہی ہیں، اس سمٹ کی سفارشات ہماری صنعت اور معیشت کے لئے اہم ہوں گے۔

(جاری ہے)

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے دنیا میں انقلاب برپا کر دیا ہے، یہ فورم ٹیکنالوجی کی ترقی اور انٹرینورئیرز کے لئے بہت مددگار ثابت ہو گا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کے پاس افرادی قوت بڑی تعداد میں موجود ہے، افرادی قوت سے ہی چین ایک بہت بڑی قوت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تقریبا تمام محکموں کو ڈیجیٹلائزڈ کر دیا ہے، ویب پورٹل بھی بن گئے ہیں، حکومت 50 ہزار سرکاری ملازمین کو آئی ٹی کی تربیت دی رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بہتری لائی ہے، آئی کیپ کی تجاویز کا بھی خیرمقدم کریں گے۔ کنٹری ڈائریکٹر پاکستان ورلڈ بینک پیچامتھو ایلنگووین Patchamuthu illangovan نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ہائی اِنکم گروپ میں شامل ہونے کے لئے اپنی مجموعی شرح نمو کو 8 فیصد تک لانا ہو گا، تیز ترقی کے لیے پاکستان کو شرح آبادی بھی ایک فیصد پر لانی ہو گی۔

چئیرمین یو این کمیٹی پروفیسر عطا الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ٹیکنالوجی کی فیلڈ میں مزید تیزی سے آگے جانا ہو گا تاکہ دنیا کے ساتھ چل سکیں۔ چئیرپرسن آئی کیپ چارٹرڈ اکانٹنٹس ویمن کمیٹی حنا عثمانی نے تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ ہم انڈسٹری کے ہر شعبے میں ویمن امپاورمنٹ کے لئے کام کر رہے ہیں۔ تقریب کے دوران صدر آئی کیپ ریاض چامڈیا نے وزیراعلی سندھ کو تعریفی شیلڈ پیش کی اور شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :