پنجاب فوڈ اتھارٹی کا نیا اقدام، کھلے دودھ کی فروخت پر پابندی لگادی

جمعرات 14 دسمبر 2017 23:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کھلے دودھ کی فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے اس پیشہ سے وابستہ تمام افراد کو آئندہ پانچ سالوں میں دودھ کو پاسچرائز کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔دودھ انسانی خوراک کا اہم جزوہے، روزانہ دودھ پینے کو اچھی صحت کا ضامن سمجھا جاتا ہے لیکن گلی محلوں کی دکانوں پر فروخت ہونے والا دودھ ملاوٹ مافیا کے گھناؤنے عمل کے باعث صحت بخش نہیں رہا، اسی لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کھلے دودھ کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔

پاسچرائزیشن کے عمل میں سب سے پہلے دودھ کو لیبارٹری میں ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد دودھ کو ملک ریسپشن سٹوریج ایریا میں پہنچا دیا جاتا ہے جہاں فلٹریشن کے بعد دودھ کو فوڈ گریڈ اسٹیل میٹل سے بنی ہوئی مشین میں نوے ڈگری پر بیکٹیریا فری کرنے کے لئے گرم اور ٹھنڈا کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد جدید مشین میں یو وی ایچ ایچ لائٹ کی مدد سے ریپنگ پیپر کو بیکٹیریا فری کرنے کے بعد دودھ کو پیک کیا جاتا ہے۔پاسچرائزیشن کے عمل میں دودھ کو ماحولیاتی بیکٹریا سے محفوظ رکھنے کے لئے کسی بھی مرحلے میں کھلا نہیں چھوڑا جاتا۔کھلے دودھ کی فروخت پر پابندی پنجاب فوڈاتھارٹی کا اچھا اقدام ہے، پاسچرائزیشن سے صحت بخش اور معیاری دودھ کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔

متعلقہ عنوان :