مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے چار سال کی مسلسل کوششوں سے ملک کو خوشحالی کے راستے پر گامزن کیا ، نواز شریف

جمعرات 14 دسمبر 2017 23:49

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے چار سال کی مسلسل کوششوں سے ملک کو خوشحالی کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مخصوص فیصلے سیاسی عدم استحکام اور اقتصادی بحران کا باعث بنتے ہیں، پاکستان ایک ناساز گار مرحلہ سے گزر رہا ہے اور اس قسم کے مرحلہ کسی بھی صورت قوم کے مفاد میں نہیں ہوتے۔ جمعرات کو لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں نے کوئٹہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مخصوص فیصلے سیاسی عدم استحکام اور بالاآخر اقتصادی بحران کا باعث بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ہر طرف رکاوٹیں ہیں اور ملک ایک بار پھر عدم استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے جو ملکی اقتصادی انڈیکیٹرز اور سٹاک مارکیٹ سے صاف ظاہر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے چار سال کی مسلسل کوششوں سے ملک کو خوشحالی کے راستے پر گامزن کیا، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا گیا اور دہشت گردی واقعات میں کئی گنا کمی ہوئی ہے اور سی پیک پر مکمل پیشرفت ہو رہی ہے لیکن حالیہ صورتحال سے ایسا لگتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومتی پالیسیوں کے ثمرات کو ریورس کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ سٹاک مارکیٹ کی صورتحال بھی مخدوش ہوتی جا رہی ہے۔