چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نے 2007ء سے اب تک 6321بچوں کوتحویل میں لیا

جمعرات 14 دسمبر 2017 23:24

ملتان۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ملتان نے مارچ2007ء سے اب تک بھکاری ،لاوارث،گمشدہ6321بچوں کو تحویل میں لیا اور 6225بچوں کو ان کے ورثاء کی تلاش کے بعد ان کے حوالے کیا جبکہ اس وقت 60بچے ادارے میں مقیم ہیں۔ادارے کے میڈیا کوارڈینیٹر نوید مختار نے اے پی پی کوبتایا کہ ادارے کا عملہ 40سٹاف ممبرز پر مشتمل ہے جواپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ادارے میں15سال کی عمر تک کے لڑکوں کو رہائش کے ساتھ ساتھ ضروریات زندگی کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔بچوں کو ادارے میں گھرجیسا ماحول دیاجاتا ہے۔ابتدائی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی دی جارہی ہے۔اس کے علاوہ بچوں کوطبی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔بچوں کی تفریح کے لیے انہیں ادارے سے باہر مختلف پارکوں میں بھی لے جایا جاتا ہے۔بچوں کی ذہنی صلاحیتوں کوبڑھانے کے لیے مختلف مقابلوں کاانعقاد بھی کیاجاتا ہے۔