خوردنی تیل کی پیداوار میں اضافہ مشن ہے، صوبائی وزیر زراعت

جمعرات 14 دسمبر 2017 23:24

ملتان۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) وزیر زراعت پنجاب محمد نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا ہے کہ خوردنی تیل کی پیداوار میں اضافہ مشن ہے جس کیلئے محکمہ زراعت کا فیلڈ عملہ کاشتکاروں کی بھر پور رہنمائی کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وہاڑی میں محکمہ زراعت پنجاب اورسنجینٹا پاکستان لمیٹڈکے باہمی اشتراک سے منعقد ہ سورج مکھی کی منافع بخش کاشت کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرممبر صوبائی اسمبلی جلال الدین اکبر،ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر بھٹی،ڈائریکٹر جنرلز زراعت سید ظفر یاب حیدر ،ڈاکٹر عابد محمود،کاظم حسنین سنجینٹا پاکستان،ڈائریکٹرزرانا احمدمنیر،ظفر اللہ سندھواورنوید عصمت کاہلوں سمیت کاشتکاروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب کی کل آبادی کا 45فیصد جبکہ دیہی علاقوں کے 65فیصد افراد کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے ۔

ملکی برآمدات کا 63فیصد انحصار بھی زراعت پر ہے ۔ اہم فصلوں کی مجموعی پیداوار میں پنجاب کا حصہ 70فیصد ہے ۔اسی طرح گندم کا 76فیصد، کپاس 74فیصد ، دھان 56فیصد ،گنا 65فیصد ، مکئی 78فیصد ،سٹرس95فیصد اور 66فیصد آم کی پیداوار صوبہ پنجاب سے حاصل ہوتی ہے ۔اس طرح صوبہ پنجاب ملک میں فوڈ سیکیورٹی اور غربت کے خاتمہ میں کلیدی کردار ادا کر تا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے خوردنی تیل کی ضروریات کو پورا کرنا ایک چیلنج ہے۔

پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود ہر سال خوردنی تیل کی درآمد پر تقریباً 285ارب روپے کا قیمتی زرمبادلہ خرچ کرتا ہے۔دوسری فصلات کی طرح حکومت پنجاب سورج مکھی اور کینولا کی فصلات پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ خوردنی تیل کی پیداوار خود کفیل ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خادم پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت ، حکومت پنجاب نے کسان پیکیج کے تحت سورج مکھی اور کینولا کے کاشتکاروں کو کروڑوں روپے سبسڈی دی جارہی ہے۔

اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو 5 ہزار روپے فی ایکڑ بذریعہ واوچرز سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔حکومت زرعی شعبہ کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی ۔قبل ازیں سیمینار کے شرکاء سے ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ پنجاب ڈاکٹر عابد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ پیداواری صلاحیت رکھنے اور بیماریوں و کیڑوں کیخلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کی دریافت کی جارہی ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل توسیع سید ظفر یاب حیدر نے کہا کہ سورج مکھی کے مقررہ ہدف کے حصول کیلئے کاشتکاروں کی بھر پور رہنمائی کی جارہی ہے ۔مارکیٹ میں معیاری زرعی مداخل کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل سے نگرانی کی جارہی ہے۔،زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو سورج مکھی کی پیداواری ٹیکنالوجی بارے تفصیلاًً بتایا۔

متعلقہ عنوان :