خصوصی صوبہ سراسر ڈھونگ اور دراصل ٹیکسوں کے جال میں پھنسانے کی چال ہے، سعدیہ دانش

جمعرات 14 دسمبر 2017 23:18

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2017ء) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ خصوصی صوبہ سراسر ڈھونگ و دھوکہ ہے،نامعقول طرز کا صوبہ دراصل ٹیکسوں کے جال میں پھنسانے کی چال ہے،تاہم ہمیں نہیں لگتا کہ نواز لیگ کی وفاقی حکومت اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کر پائے گی،گلگت بلتستان کو باقاعدہ آئینی صوبہ بنایا جائے یا پھر متنازعہ حیثیت کو تسلیم کیا جائے ،اس کے علاوہ کوئی اور سٹیٹس یہاں کے عوام کیلئے ہرگز قابل قبول نہیں،ن لیگ نت نئے ڈرامے رچا کر گلگت بلتستان کے عوام کا مذاق اڑا رہی ہے،لولے لنگڑے سیٹ اپ کو یکسر مسترد کر دیا جائے گا،گلگت بلتستان کے عوام کی امنگوں کا احترام کیا جائے،حفیظ سرکار کی ٹرخاو پالیسی بری طرح سے ناکام ہو چکی ہے،صوبائی حکومت کی شعبدہ بازی کے سارے پتے ناکام ہو چکے،غیر منطقی طرز کا کوئی بھی سٹیٹس کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مصداق ہوگا۔

(جاری ہے)

بروز جمعرات صوبائی سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی گلگت بلتستان سعدیہ دانش نے اس حوالے سے کہا کہ وزیر اعلی اور وزراء کے بیانات ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور والی مثال ہیں، آئینی کمیٹی کی جانب سے فیصلے میں تاخیر سے نواز لیگ کی وفاقی حکومت کے عزائم کا اظہار ہوتا ہے،جو حکومت ایک نااہل اور بدعنوان شخص کو اپنا قائد تسلیم کرتی ہے ، اس کی مشاورت سے چلتی ہے اس سے کسی بھی خیر کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔

نواز لیگ کی مرکزی ،صوبائی حکومت نے گلگت بلتستان کے عوام کو جھوٹ،دھوکہ دہی اور فریب کے سوا کچھ نہیں دیا اور کرپشن و اقربا پروری کے عالمی ریکارڈ قائم کئے ہیں۔حفیظ سرکار نے جان بوجھ کر گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کا سنہری موقع ضائع کررہی ہے،گلگت بلتستان کو اب تک جتنے بھی آئینی پیکیج ملے ہیں ،آئینی اصلاحات ہوئی ہیں وہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے کی ہیں ، یہ پیپلزپارٹی کے قائدین کا اس علاقے کے عوام کیساتھ دلی لگاو اور ہمدردی کا دوٹوک اور ناقابل تردید ثبوت ہے اور پیپلز پارٹی کے دئے ہوئے موجودہ سیٹ اپ کی وجہ سے ہی باقاعدہ آئینی حقوق کی راہ ہموار ہوگئی ہے انشاء اللہ گلگت بلتستان کو باقاعدہ آئینی حقوق بھی پیپلزپارٹی کے نوجوان قائد بلاول بھٹو کے ہاتھوں ہی نصیب ہونگے۔