نیشنل پارٹی کے ضلعی آفس تربت پر ہینڈ گرنیڈ حملہ بزدلانہ فعل ،قوم دشمنی ہے ،میر رحمت صالح بلوچ

پرامن سیاسی جمہوری جدوجہد سے خوفزدہ مسلح گروہ بلوچ دشمنی پر اتر آئے ہیں ،ہماری سیاسی سوچ کو کوئی اپنی طاقت سے تبدیل نہیں کرسکتا، وزیر صحت بلوچستان کی صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 14 دسمبر 2017 23:47

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماو صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی کے ضلعی آفس تربت پر ہینڈ گرنیڈ حملہ بزدلانہ فعل اور قوم دشمنی ہے پرامن سیاسی جمہوری جدوجہد سے خوفزدہ مسلح گروہ بلوچ دشمنی پر اتر آئے ہیں ہماری سیاسی سوچ کو کوئی اپنی طاقت سے تبدیل نہیں کرسکتا۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک پرامن جمہوری جدوجہد پر یقین رکھنے والی جماعت ہے بزور طاقت سیاسی کارکنوں اور عام لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانا انتہائی غلط اقدا ہے۔انہوں نے کہا کہ دوسروں سے بھتہ لیکر بلوچ رسم و رواج اور سیاسی اقتدار کو پامال کیا جارہا ہے نیشنل پارٹی بلوچ سرزمین اور بلوچ وسائل سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوسکتی امن و امان لوگوں کا بنیادی حق ہے کچھ لوگ بلوچستان میں بدامنی پھیلاکر پیسہ کمارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسانی خون بہانابہت سستا ہوا ہے یہ انسانی المیہ سے کم نہیں ہے تمام انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل ہے کہ وہ اسکا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ اور امن پسند سیاسی ورکروں کا قتل عام کھلم کھلا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے نیشنل اور انٹرنیشنل تنظیمیں مکران میں ایسے انسانیت سوز واقعات کو نظرا نداز کرنے کی بجائے اسکے خلاف آواز بلند کریں ۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کیلئے ایک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج بلوچ تعلیم یافتہ نوجوان دہشت گردوں کے ہاتھوں عدم تحفظ کا شکار ہیں تمام سول سوسائٹی اسکے خلاف آواز بلندکرے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کسی بھی صورت بلوچستان کو بدامنی کی آماجگاہ بننے نہیں دے گی ہمیں کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہماراعمل اور ایمان بلوچستان ،بلوچستانی عوام ایک خوشحال ملک اور تعلیم یافتہ قوم ہے اس کیلئے جتنی بھی قربانی دینی پڑے ہم اس سے گریز نہیں کریں گے۔

میررحمت صالح بلوچ نے کہا کہ صرف نیشنل پارٹی کو ٹارگٹ کرنے کا مقصد یہی ہے کہ بلوچستان میں سیاسی لکھے پڑھے طبقے کو ختم کرکے جہالت اور بدامنی کے بازار کو گرم رکھا جائے جوکہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے تربت میں نیشنل پارٹی کے ضلعی آفس پر ہینڈ گرینڈ حملے کی مذمت کرتے ہوئے تمام انسان دوست قوتوں سے اپیل کی کہ وہ ہمارے ساتھ ہماری آوازبن کر بلوچستان کوعالمی دہشت گردی سے بچائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ اورقانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ نیشنل پارٹی کے دفتر پر حملے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتارکرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

متعلقہ عنوان :