حکمران عوام کے دلوں پر حکومت کرناچاہتے ہیں تو حیات طیبہ ﷺ سے رہنمائی حاصل کریں،ڈاکٹرمعراج الہدی

جمعرات 14 دسمبر 2017 23:00

ْحیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) امیرجماعت اسلامی سندھ ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی نے جلسہ ٴ سیرت ؐ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حکمران عوام کے دلوں پر حکومت کرناچاہتے ہیں تو حیات طیبہ ﷺ سے رہنمائی حاصل کریں، حضور ؐ کی ذات بنی نوع انسانوں کے لیے سرچشمہ ٴ ہدایت ہے۔ وہ سیرت کے جلسہ سے خطاب کررہے تھے، ضلعی امیرحافظ طاہرمجید،نائب امیر ڈاکٹرسیف الرحمن ودیگر نے بھی خطاب کیا،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی نے کہاکہ آپ ؐ تمام کائنات کے لیے رحمت ہیں آپ نے نہ صرف انسانوں پر احسانات کیے ہیںبلکہ چرندپرندپر احسانات کیے ہیں۔

دنیاوالوں کاغم آپ ؐ کھایاکرتے تھے محسن انسانیت کی ذات سے جن لوگوں نے فیض اٹھایاہے ان کی قسمتیں بدل گئیں اورانھوں نے دنیاوالوں کی قسمتوں کوبدل ڈالا۔

(جاری ہے)

خلفائے راشدین نے جدیددنیاکی بنیادڈالی اور دیکھتے ہی دیکھتے امن وخوش حالی نے دنیابھرمیں اپنااعتبارقائم کردیا۔مسلم ہی کیاغیرمسلموں نے بھی آپ ؐ کی ذات مبارک سے فائدہ اٹھایاہے اوراٹھارہے ہیں۔ پاکستان ،عالم اسلام اور دنیاکے حکمران آج بھی سیرت رسول ﷺ کامطالعہ کریں توحکومتیں کیسے چلتی ہیں، عوام کے دلوں پر راج کیسے کیاجاتاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے حکمران امریکہ کے بجائے آقائے نامدارؐ کادامن تھام لیں توذلت ورسوائی کی جگہ عزت وشہرت بھی حکمرانوں کادامن تھام لے گی۔