Live Updates

تحریک انصاف کے رہنما، سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی نے عدالتِ عظمیٰ سے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن کی کرپشن کا از خود نوٹس لینے کی اپیل کردی،

جمعرات 14 دسمبر 2017 23:00

تحریک انصاف کے رہنما، سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی نے عدالتِ عظمیٰ ..
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی نے عدالتِ عظمیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن کی کرپشن کا از خود نوٹس لے،ان لوگوں نے سندھ کو لوٹ لیا ہے ان کے پاس آمدنی سے زیادہ اثاثے کہاں سے اور کیسے آئے ہیں، وہ حیدرآباد میں قاسم آباد کے علاقہ میں انیسہ ولی اللہ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما مستنصر باللہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہاکہ جمعہ کو ٹنڈو محمد خان میں پی ٹی آئی کا جلسہ عام ہوگا جس میں وہاں کی اہم شخصیات پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ آصف علی زرداری کے پاس پیپلز پارٹی میں شمولیت سے قبل کچھ نہیں تھا ان کے والد کی ڈیڑھ سو ایکڑ زمین انہیں ملی تھی جبکہ وہ ایک سنیما کے مالک تھے اور فلم کی ٹکٹیں بلیک کرتے تھے اب ان کی ایک لاکھ ایکڑ زرعی اراضی ہے، آج وہ پاکستان کے امیر ترین ٹاپ ٹین میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

دنیا بھر میں ان کے اثاثے موجود ہیں یہ سب کہاں سے اور کیسے آیا اس پر عدالتِ عظمیٰ کو از خود نوٹس لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ عزیر بلوچ نے جے آئی ٹی میں اہم انکشافات کئے ہیں اس نے زرداری کے کہنے پر ایک سو افراد قتل کرنے اور بلاول ہاؤس کے قریب دیگر علاقوں میں بنگلے و زمینوں پر آصف زرداری کے لیے قبضہ کئے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں شوگرملز مالکان کاشتکاروں کا استحصال کررہے ہیں صوبہ میں لوگ جانتے ہیں کہ کس کی شوگرملز زیادہ ہیں وہ آبادگاروں کو 182روپے فی من ریٹ نہیں دینا چاہتے اور سندھ حکومت سے سبسڈی بھی وصول کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مجھ پر کرپشن ثابت ہو جائے تو میں ہر طرح کی سزا بھگتنے کو تیار ہوں میں جب سندھ کا وزیر اعلیٰ تھا تو سی ایم ہاؤس کے بجائے اپنے گھر میں سوتا تھا،آج سندھ میں ہر ذمہ دار کرپشن کی داستان لیے ہو ئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب میں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ سندھ کے عوام کا پیسہ وصول کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ آج جمعہ کو ٹنڈو محمد خان میں پی ٹی آئی کا جلسہ مثالی ہو گا اور وہاں اہم شخصیات بھی شمولیت کا اعلان کریں گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات