ترقیاتی کاموںمیں مصروف محنت کشوں کو مارنے والوں کے عزائم ناکام ہو رہے ہیں،

سی پیک منصوبے میں سب سے زیادہ روڈ اور ریل کے پراجیکٹ بلوچستان کے حصے میں آئے ہیں ،ہرنائی سبی ریلوے ٹریک اپریل 2018 میں کھول دیں گے وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کی سبی ریلوے اسٹیشن کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 14 دسمبر 2017 22:50

ترقیاتی کاموںمیں مصروف محنت کشوں کو مارنے والوں کے عزائم ناکام ہو رہے ..
کوئٹہ ۔ 14دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں مصروف محنت کشوں کو مارنے والوں کے عزائم ناکام ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو سبی ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بلوچستان کی ترقی کا پیکج ہے، منصوبے میں سب سے زیادہ روڈ اور ریل کے پراجیکٹ بلوچستان کے حصے میں آئے ہیں، سی پیک پر بلوچستان کے لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

ایک سوال کے جوا ب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سبی ہرنائی خوست ریلوے ٹریک پر 126 سال کے بعد کام شروع کیا گیا ہے، منصوبے کا 70فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے ، اپریل تک باقاعدہ روٹ پر ریلوے ٹریک کا آغاز ہو گا، منصوبے سے کوئلہ کی صنعت تیزی سے ترقی کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے ریلوے ٹریک کی بحالی کے کام کے دوران شہید ہونے والوں کے ورثاء کے لئے دس دس لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے نے سبی ریلوے اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ، صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی ، صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال اور دیگر حکام بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔ وہ اسٹیشن کے مختلف شعبوں میں گئے اور تزئین وآرائش اور تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا ۔ دورے کے موقع پر وفاقی وزیرکو بتایا گیا کہ سبی ہرنائی134 کلومیٹر ریلوے ٹریک کو مکمل کر لیا گیا ہے۔

سبی ہرنائی ریلوے ٹریک 2006 ء میں دہشت گردوں کے حملے میں بری طرح متاثر ہواتھا۔ منصوبہ میں ہرنائی سے خوست 24 کلومیٹر ریلوے ٹریک بحال ہونے کے بعد 2018 میں کھول دیا جائے گا۔ٹریک کی بحالی کے کام میں سیکورٹی فورسز اہم کردار اداکر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ ہرنائی کے عوام مذکورہ ٹریک کی تباہی کے بعد تین اضلاع میںسے ہوتے ہوئے سبی پہنچتے تھے۔ ہرنائی خوست ٹریک کی بحالی سے ہرنائی کے زمینداراپنی تیار فصل کو سبی لا کر ملک کے دیگر علاقوں تک آسانی سے پہنچا سکتے ہیں۔