آصف زرداری سندھ کے ڈراکولا بن گئے ہیں، وہ کئی لوگوں کو مروانے میں ملوث ہیں،سابقہ وزیراعلیٰ لیاقت علی جتوئی

جمعرات 14 دسمبر 2017 22:49

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء) سابقہ وزیراعلیٰ سندھ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لیاقت علی جتوئی نے کہا ہے کہ آصف زرداری سندھ کے ڈراکولا بن گئے ہیں، وہ کئی لوگوں کو مروانے میں ملوث ہیں،6ارب روپے کے گھر میں رہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ سندھ میں انقلاب لائیں گے۔ وہ قاسم آباد میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ لیاقت علی جتوئی نے کہاکہ پی ٹی آئی سندھ میں ہر جگہ جلسے کرے گی ، ہمارے جلسوں کی نقل کرتے ہوئے آصف زرداری نے بلاول بھٹو کو آگے کردیا ہے لیکن بلاول بھٹو ابھی تک اپنی والدہ کے قاتلوں کو بھی تلاش نہیں کرسکے ہیں۔

بینظیربھٹو کے قتل کے کیس میں پیپلزپارٹی نے ایک وکیل بھی پیش نہیں کیا۔ کیس کی پیروی تک نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ آصف زرداری اور ان کے فرنٹ مینوں نے پورے سندھ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ۔

(جاری ہے)

زرداری لیگ نے سندھ کو لوٹا ، غریبوں کا مال کھایا ، غریب عوام جن کے پاس کپڑے تک نہیں ہیں ان کو دھوکہ دیا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ بینظیربھٹو اور مرتضیٰ بھٹو کو شہید کرکے پیپلزپارٹی پر زرداری لیگ نے قبضہ کرلیا ہے۔

وہ جواب دیں کہ سندھ میں اُن کے پاس 19شوگر ملیں اور ایک لاکھ ایکڑ زمین کہاں سے آئی۔ انہوں نے کہاکہ 15دسمبر کو ٹنڈومحمدخان میں عمران خان کا تاریخی جلسہ ہوگا ۔ عوام ہم سے سندھ میں پیپلزپارٹی کے متبادل کے بارے میں معلوم کیا کرتے تھے لیکن اب ہم نے سندھ میں پیپلزپارٹی کا متبادل پی ٹی آئی کے طورپر متعارف کرادیا ہے۔ عمران خان اور ہم برسوں سے کرپشن اور لوٹ مار کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔ انہوںنے سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ سندھ اسمبلی کوتحلیل کرکے صوبے کی دولت کو لوٹنے والے بدعنوانوں کیخلاف تحقیقات کی جائے۔