اسلام آباد، کل بروز جمعہ یوم قبلہ اول کے طور پر منایا جائے گا

جمعرات 14 دسمبر 2017 22:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء) کل بروز جمعہ یوم قبلہ اول کے طور پر منایا جائے گا،ملک بھر کی مساجد ائمہ و خطبا قوم کو معاملے کی سنگینی اور یہود کی ریشہ دوانیوں سے آگاہ کریں گے، عالم اسلام کے حکمرانوں اور نمائندہ تنظیموں سے قبلہ اول کے معاملے میں سنجیدگی سے کردار ادا کرنے کے مطالبات کیے جائیں گے،غاصب اسرائیل کی امریکی پشت پناہی کے خلاف قرار دادیں منظور کی جائیں گی ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا،انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کو کسی صورت صیہونی قبضے میں نہیں جانے دیا جائے گا ،یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کا اقدام قابل قبول نہیں ،اس کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کریں گے ،انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا اجلاس ایک اچھی ،مثبت اور حوصلہ افزا کوشش ہے لیکن مسلم حکمرانوں کو فلسطین کے مسئلے پر نشستن ،گفتن اور برخاستن سے آگے بڑھ کر توانا آواز بلند کرنی چاہیئے اور ٹرمپ کو فیصلہ واپس لینے پر مجبور کرنا چاہیئے ،مولانا حنیف جالندھری کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے اس مسئلے پر اپنی بھرپور اور توانا آواز بلند کر کے ثابت کر دیا کہ انکے دل دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ،انہوں نے مساجد کے ائمہ،مدارس کے منتظمین اور علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ یوم قبلہ اول کے حوالے سے اپنے جمعہ خطبات میں روشنی ڈالیں ،عوام کو معاملے کی سنگینی اور یہودی سازشوں اور ریشہ دوانیوں سے آگاہ کریں۔

متعلقہ عنوان :