سکھر،صاف پانی کی فراہمی کیلئے حکومت صرف اجلاس پر اجلاس کر رہی ہے عملی کام نظر نہیں آرہا،حاجی محمد جاوید میمن

دنیا چاند پر پہنچ چکی ہے اور اس جدید دور میں سکھر میں آج بھی پھٹکری کے ذریعے پانی صاف کیا جا رہا ہے،چیئرمین سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس

جمعرات 14 دسمبر 2017 22:46

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء) سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن، مشرف محمود قادری، عبیداللہ بھٹو، غلام مصطفی پھلپوٹو، دوا خان، رضوان قادری، ڈاکٹر سعید اعوان، اکرم درانی، حبیب ناصر، شریف ڈاڈا، منیر میمن، ظہیر بھٹی، صداقت خان و دیگر نے کہا ہے کہ صاف پانی کی فراہمی کیلئے حکومت صرف اجلاس پر اجلاس کر رہی ہے عملی کام نظر نہیں آرہا افسوس کا مقام تو یہ ہے کہ دنیا چاند پر پہنچ چکی ہے اور اس جدید دور میں سکھر میں آج بھی پھٹکری کے ذریعے پانی صاف کیا جا رہا ہے۔

خطیر رقم سے پانی کو صاف کرنے کا جدید طرز کا شعبہ تو قائم کیا گیا ہے لیکن ٹیکنیکل اسٹاف نہ ہونے کے باعث وہ غیر فعال ہے۔ ایس آئی یو ٹی کے ماہرین کی جانب سے سکھر کے بچوں کو گردوں میں پتھری کے حوالے سے ریڈ زون قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ عوام کو پینے کا آلودہ ، بدبودار اور مضرصحت پانی فراہم کرنا ہے جہاں صاف پانی میسر نہ آنے سے گردے کی بیماریاں ، جگر کی بیماریاں ، پیٹ کی بیماریاں، جلد کی بیماریاں عام ہیں۔

یہ المیہ ہے کہ بڑے لوگ تو منرل واٹر استعمال کرتے ہیں لیکن غریبوں کے لیے بدبودار مضر صحت پانی جہاں ان کی بیماریوں کا باعث بنتا ہے وہی علاج معالجے کیلئے گورنمنٹ اسپتال ان کو سہولیات نہیں دیتا۔ منتخب نمائندے عوام سے ووٹ تو لے لیتے ہیں لیکن انکی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میںناکام رہتے ہیں۔ سکھر میونسپل کارپوریشن عوام کے پیسے کو غیر ضروری کاموں میں استعمال کر رہی ہے ہونا تو یہ چاہیئے کہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے یہ پیسہ استعمال کیا جائے ۔

دریائے سندھ کے کنارے پر رہتے ہوئے بھی عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، پرانے دور میں قائم ہونیوالی واٹر ورکس کی قدیمی لائنیں گل ، سڑکر ختم ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے پینے کے پانی کے اندر گندے نالیوں کا پانی مکس ہوکر عوام کو فراہم کیا جاتا ہے ۔ وہ پانی پینے کا تو دور کی بات ہے نہانے کے قابل بھی نہیں ہوتا۔ سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ سکھر شہر میں پینے کے صاف پانی کیلئے لگائے گئے جدید طرز کے شعبے کو فوری طور پر اسٹارٹ کیا جائے تاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی میسر آسکے۔ دیگر صورت میں سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس عوامی طاقت سے بھرپور احتجاج کریگی۔ #

متعلقہ عنوان :