اسپیکر قومی اسمبلی کا حکومت کی ناکامی کا اعتراف، حکومت فوری طور پر استعفیٰ دیکر نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے،میر مصری خان چاچڑ

حکومت کی کرپشن کی وجہ سے عوام مایوس ہو چکی ہے اور عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکیں ہیں،رہنماء پیپلزپارٹی ضلع سکھر

جمعرات 14 دسمبر 2017 22:46

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی ضلع سکھر کے رہنما میر مصری خان چاچڑ نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے مایوس کن بیان کہ اسمبلی مدت پوری نہیں کر سکے گی سے واضع ہو گیا ہے کہ حکومت ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری طور پر استعفیٰ دیکر نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے، حکومت کی کرپشن کی وجہ سے عوام مایوس ہو چکی ہے اور عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکیں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر کے مختلف علاقوں میں اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی اربوں روپے کی کرپشن ثابت ہو چکی ہے۔ حکمرانوں نے اقتدار کے دوران صرف لوٹ مار کرکے اربوں روپے بیرون ملکوں میں منتقل کر دیے ہیں اور سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی کرپش کی دولت کو بچانے کے لیے عدلیہ کو نشانہ بناکر عدلیہ اور عوام کے درمیان تنازعہ پیدا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ماضی میں بھی سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا اور اس وقت بھی عوام کو عدلیہ کے خلاف کھڑا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ جسے کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے علامہ طاہر القادی سے ملاقات کی اور ماڈل ٹائون سانحہ میں ملوث حکمرانوں کے خلاف ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا ہے اور غریبوں کے حقوق کی بات کی ہے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی چاروں صوبوں میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر مخالفین کی ضمانتیں ضبط کردے گی۔#