ہزارہ یونیورسٹی کے بائیوکیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ’’ڈیٹا ،تجزیہ اوراعداد وشمارکے اوزار‘‘کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد

جمعرات 14 دسمبر 2017 22:37

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء)ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے بائیوکیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ’’ڈیٹا ،تجزیہ اوراعداد وشمارکے اوزار‘‘کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا مقصد بائیوکیمسٹری کے شعبے میں تحقیقی سرگرمیوں کو مزید مربوط، عصر حاضر سے ہم آہنگ اور سائنٹفک انداز میں ڈھالنا تھا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ سائنسی آلات کا ٹھیک طریقے سے استعمال تحقیقی مواد کے درست نتائج کا حامل ہوتا ہے جبکہ نامناسب استعمال سے ریسرچ کے مقاصد پورے نہیں ہو پاتے اور محقق اپنے مطلوبہ معیار کے مطابق نتائج حاصل نہیں کر پاتا۔وائس چانسلر نے NIFAپشاور کے سینئر سائنٹسٹ ڈاکٹر محمد امین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا بحیثیت ریسورس پرسن اس ورکشاپ میں شرکت آپ کی شرکت یونیورسٹی کے محققین اور سکالرز کے لئے نہایت سود مند ثابت ہوگی اور میں امید کرتا ہوں کہ کہ آج کی ورکشاپ سے یونیورسٹی کے سکالرز اپنے تحقیقی کام کو مزید بہتر بنائیں گے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ورکشاپس ، سمپوزیم اور اسی طرح کی دیگر سرگرمیاں یونیورسٹی کے نوجوان سکالرز اور طلباء و طالبات کی ذہنی و تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہیں اور یونیورسٹی انتظامیہ ایسی مثبت سرگرمیوں کی سرپرستی جاری رکھے گی۔اس سے قبل بائیو کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کی ہیڈ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نگہت سلطانہ نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سالوں میں عالمی سطح پر سائنسی اعداد و شمار کا درست تجزیہ کرنے کے حوالے سے بڑی پیشرفت ہوئی ہے اور دنیا بھر کے سکالرزاپنے تحقیقی مقالے درستگی کے ساتھ شائع کرنے کے لئے سائنٹفک آلات استعمال کرتے ہوئے ریسرچ کو آگے بڑھاتے ہیں اور اسی مقصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی کے بائیو کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ نے آج کی ورکشاپ کا انعقاد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بائیو کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی کے ابتدائی شعبوں میں سے ایک ہے اور اب تک 8پی ایچ ڈی اس ڈیپارٹمنٹ سے فارغ الحصیل ہو چکے ہیں جبکہ 100سے زائد ایم فل سکالرز بھی یہاں ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں۔ورکشاپ میں یونیورسٹی کے بائیو کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کے سکالرز اور طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔