خصوصی افراد کو کوٹہ کے مطابق ملازمتیں فراہم کر کے کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے، سید ناصر حسین شاہ

جمعرات 14 دسمبر 2017 22:35

خصوصی افراد کو کوٹہ کے مطابق ملازمتیں فراہم کر کے کارآمد شہری بنایا ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں میں کوٹہ کے مطابق اسپیشل افراد کو بھرتی کرکے ان کا احساس محرومی دور اور انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں اسپیشل افراد کیلئے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ اسپیشل افراد غیر معمولی صلاحیت کے حامل ہوتے ہیں، تھوڑی سی توجہ اور ہمدردی انہیں معاشرے میں باعزت مقام دلا سکتی ہے اور دیگر عام لوگوں کی طرح انہیں کام کرنے کے قابل بنا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسپیشل افراد کی فلاح و بہبود اور مراعات فراہم کرنے کے سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے، سندھ حکومت نے عمارتوں کی تعمیرات کے حوالے سے ایک نوٹیفیکشن بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق نئی تعمیر ہونے والی بلڈنگز میں اسپیشل افراد کی آسانی اور سہولت کیلئے لازمی طور پر ریمپ بنائے جائیں اور وہاں ویل چیئرز کی سہولت بھی رکھی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ، ریلوے، ایئر پورٹ، بینکوں، نادرا کے دفاتر اور شاپنگ پلازہ سمیت دیگر عوامی مقامات پر ریمپ اور دیگر متعلقہ سہولیا ت کو یقینی بنایا جائے گا، اس کے علاوہ بی آر ٹی، کراچی سرکلر ریلوے اور شروع کی جانے والی سٹی بس سروس میں اسپیشل افراد کو کرایہ کے حوالے سے 50 فیصد رعائت بھی دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے پروگرام میں جو سفارشات و تجاویز پروفیسرز، ڈاکٹرز اور مقررین نے پیش کی ہیں حکومت ان پر عمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے مقررین میں شیلڈ تقسیم کیں۔