پاکستان نے نئی دہلی میں اپنے ہائی کمیشن کو کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کو ویزہ جاری کرنے ہدایت کردی

جمعرات 14 دسمبر 2017 22:33

پاکستان نے نئی دہلی میں اپنے ہائی کمیشن کو کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2017ء) پاکستان نے نئی دہلی میں اپنے ہائی کمیشن کو کلبھوشن یادوکی اہلیہ اور والدہ کو ویزہ جاری کرنے ہدایت کردی ۔جمعرات کو بھارتی میڈیا نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستان نے نئی دہلی میں اپنے ہائی کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ کلبھوشن یادو کی اہلیہ اور والدہ کو ویزہ جاری کیا جائے ۔

یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ ماہ انسانی ہمدری کی بنیاد پر کلبھوشن یادو کو اہلیہ سے ملاقات کرنے کی پیشکش کی تھی جس پر بھارت کی جانب سے والدہ سے بھی ملاقات کرانے اور اس دوران ایک بھارتی سفارتکار کی موجودگی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارت کا مطالبہ مانتے ہوئے کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کیلئے 25دسمبر کی تاریخ طے کی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے اس ملاقات کے حوالے سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کا ویزہ جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے جب کہ ملاقات کے موقع پر ایک بھارتی سفارت کار کی موجودگی سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہیکہ کلبھوشن کے اہل خانہ کے لیے ہرممکن سیکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں اور وزارت خارجہ کلبھوشن کے اہل خانہ کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، اس پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس نے تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کیا۔رواں برس 10 اپریل 2017 کو کلبھوشن یادیو کو جاسوسی، کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنائی گی۔لیکن بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں معاملہ لے جانے کے سبب کلبھوشن یادیو کی سزا پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :