وفاقی حکومت کراچی پیکیج کے تحت اسی ماہ فنڈز ریلیز کردے گی، میئر کراچی

کے ایم سی میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو بہتر اور مستقل ملازمت کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں،وسیم اختر

جمعرات 14 دسمبر 2017 22:08

وفاقی حکومت کراچی پیکیج کے تحت اسی ماہ فنڈز ریلیز کردے گی، میئر کراچی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی پیکیج کے تحت اسی ماہ فنڈز ریلیز کردے گی، کے ایم سی میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو بہتر اور مستقل ملازمت کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے اور ریونیو میں اضافے سمیت مجموعی نظام میں بہتری کے لئے اہل اور متعلقہ شعبوںمیں تجربے کے حامل افسران کو ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی شب ضلعی میونسپل کارپوریشن شرقی کے منتخب نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر بلدیہ شرقی کے چیئرمین معید انور، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرمین اراضیات کمیٹی ارشد حسن، ارشاد ظفر، وائس چیئرمین ضلع شرقی عبدالرئوف ،عابد زیدی ، چیئرپرسن میڈیا مینجمنٹ کمیٹی صبحین غوری بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ اپنے اپنے علاقوں کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور جدوجہد کریں اور شہریوں کے مسائل بغیرمطالبات کے حل کئے جائیں ،انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی میں جو کرنا چاہئے تھا وہ نہیں کرسکے تاہم اب ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے،ہماری سوچ اور کام کسی عہدے کا مرہون منت نہیں،2018کے الیکشن میں اپنی برتری کو ثابت کردیں گے،وہ وقت دور نہیں جب کراچی کے شہری اپنی فیملیوں کے ساتھ خوشیوں میں مصروف ہونگے،انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے کنٹریکٹ ملازمین میں سے معذور افراد اور ڈیزیز کوٹے کے تحت تقرری پر عملدرآمد کر رہے ہیں تاکہ حق داروں کو ان کا حق ملے اور کسی کے ساتھ حق تلفی نہ ہو، انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل سب کے سامنے ہیں اور ان کی وجوہات کا بھی سب کو اچھی طرح علم ہے تاہم یہ امر خوش آئند ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں سے شہر کے مسائل کے حل کے لئے ہمیں مدد مل رہی ہے اور ہم درست سمت میں گامزن ہیں، انہوں نے کہاکہ فیصل ایدھی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو دس ایمبولینسز کا عطیہ جبکہ چائنا کے قونصل جنرل نے ایک ایمبولینس کا عطیہ دیا ہے،ضلع شرقی سمیت شہر کے تمام اضلاع میں بہتری اور ترقی کے کام جاری رہیں گے جن کا مقصد شہریوں کے مسائل کو تیزی سے حل کرنا اور جلد از جلد ریلیف فراہم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوںکو اپنے علاقوں میں درپیش بنیادی مسائل کا بخوبی علم ہے اور وہ ان کے حل کے لئے جامع اور موثر حکمت عملی اپنانے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں لہٰذا ہرممکن کوشش کی جائے کہ بنیادی نوعیت کے مسائل جتنا جلد ممکن ہوسکے تیزی سے کام کرکے حل کئے جائیں ، خاص طور پر پانی و سیوریج اور صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانے پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے، انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور ہم یہ جانتے ہیں کہ ہمیں کن شعبوں کو ترجیح دینی ہے اور کہاں زیادہ کام کرنا ہے لہٰذا منتخب نمائندے انہی ترجیحات کے تحت کام جاری رکھیں اور اپنے علاقے کے عوام کی توقعات پر پورا اتریں یہی ہمارا نصب العین ہے اور اس کے حصول کے لئے ہرممکن کوششیں کرتے رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :