کے ڈی اے کے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کا شہر میں کے ڈی اے اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کیلئے بھرپور قوت سے آپریشن جاری

جمعرات 14 دسمبر 2017 22:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں متعلقہ محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کا عملہ شہر بھر میں کے ڈی اے اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کے لئے بھرپور قوت سے آپریشن کررہا ہے، آپریشن کا سلسلہ مکمل کے ڈی اے اراضی واگزار کرانے تک جاری رہے گا۔

شہر بھر میں کے ڈی اے اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی ڈی جی کے ڈی اے سمیع الدین صدیقی کررہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی کے احکامات پر شہر بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف مستقل بنیادوں پر آپریشن جاری رہے گا، اور کسی بھی قسم کے دبائو کو خاطر میں لائے بغیر آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے جبکہ واگزار اراضی کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنانے کے لئے نگرانی کا نظام نافذ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کی سربراہی میںنارتھ کراچی میں قائم تجاوزات کے خلاف بھرپور قوت کے ساتھ بلا تفریق آپریشن جاری ہے، آج نارتھ کراچی ST-16 سیکٹر 5-A ، 5-B/1، 5-B/2 میں پلے گرائونڈ، پارکس و رہائشی و کمرشل پلاٹس جوکہ غیر قانونی تعمیر ات تھے، پولیس، رینجرز اور مقامی انتظامیہ کی موجودگی میں بھاری مشینری کے ذریعے منہدم کردیئے گئے۔ آپریشن کے دوران ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ رضا محمد قائم خانی، ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ عرفان یوسف زئی، ایگزیکٹو انجینئر نارتھ کراچی عارف شاہ و دیگر افسران موجود تھے۔