برے وقت میں کبھی ہار نہیں ماننی چاہئے، گر کر سنبھلنے والے کامیاب ہوتے ہیں، عمران خان

این جی او الف اعلان نے ضلعی سطح پر 10بہترین تعلیمی اداروں کی فہرست میں خیبر پختونخواہ کے 9 ،پنجاب کے صرف ایک سکول کو شامل کیا ہے گزشتہ اسی فہرست میں 10 میں سے 9 کا تعلق پنجاب تھا جس پر خیبرپختونخواہ نے منصوبہ بندی کی ، اس سال کے پی کے پنجاب سے بہت آگے نکلا، ٹوئیٹرپیغام

جمعرات 14 دسمبر 2017 22:08

برے وقت میں کبھی ہار نہیں ماننی چاہئے، گر کر سنبھلنے والے کامیاب ہوتے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ برے وقت میں کبھی ہارنہیں ماننی چاہیے جب انسان گر کر کھڑا ہوتا ہے تو اسے اور طاقت مل جاتی ہے۔جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے واقعہ بیان کیا کہ سب سے پہلے اپنے کزن کو کرکٹ کھیلتے دیکھا تو خواہش ہوئی کہ میں بھی اس کی طرح سنچری بنائوں اور 10 وکٹیں لوں لیکن پہلے ہی میچ میں اتنی بری پرفارمنس ہوئی کہ مجھے ٹیم سے ہی نکال دیاگیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی ناکامی سے سیکھتے ہوئے سخت محنت اور ٹریننگ جاری رکھی جس کے باعث ایک وقت ایسا بھی آیا کہ نہ صرف یہ کہ مجھے ٹیم میں جگہ ملی بلکہ میں نے 100رنز کئے اور وکٹیں بھی حاصل کیں۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہاکہ خوف پر قابو پانے کے لئے بھی جدوجہد کرنی پڑتی ہے اور ناکامی پر قابو پاتے ہوئے صرف اپنے دل کی سنیں تو کامیابی آپ کے قدم چنتی ہے اور کوئی بھی آپ کو کامیابی کے سفر پر روک نہیں سکتا ہے جس کی زندہ مثال کے طور پر میں آپ کے سامنے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنون اور ٹیلنٹ کو کوئی شکست نہیں دے سکتا جو شخص خود غرض ہوتا ہے وہ کبھی بڑا انسان نہیں بنتا اور تاریخ ہمیشہ انہیں یاد کرتی ہے جو انسانیت کے لیے کچھ کرتے ہیں جب کہ پیسے کو اپنی کائنات سمجھنے والے لوگوں میں بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جنہیں پرسکون نیند آتی ہو۔عمران خان نے کہا کہ والدین کی عزت کرنا، اساتذہ اور بڑوں کا احترام کرنا بھی ہمارے معاشرے اور تہذیب کا حصہ ہے اور وہی لوگ دنیا میں کامیاب ہوتے ہیں جو اپنی روایتوں کا پاس رکھتے ہیں اسی طرح ایک لیڈر کی کوالٹی ہوتی ہے کہ وہ پریشر برداشت کرتا ہے۔

دریں اثنا سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہاکہ تعلیم میدان میں کام کرنے والی این جی او الف اعلان نے ضلعی سطح پر 10 بہترین تعلیمی اداروں کی فہرست جاری کی ہے جس میں سے 9 کا تعلق خیبر پختونخواہ سے ہے جب کہ پنجاب کا صرف ایک اسکول شامل ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ اسی فہرست میں 10 میں سے 9 کا تعلق پنجاب تھا جس پر پچھلے سال ہی خیبرپختونخواہ نے منصوبہ بندی کی تھی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ اس سال کے پی کے پنجاب سے بہت آگے نکلا۔

متعلقہ عنوان :