ہلال ِاحمر پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں،شیخ انصر عزیز

جمعرات 14 دسمبر 2017 21:38

ہلال ِاحمر پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں،شیخ انصر عزیز
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) چیئرمین سی ڈی اے و میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ ہلال ِاحمر پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں‘میونسپل کارپوریشن کی سطح پر ہر یونین کونسل میں تربیت یافتہ افراد ی قوت کیلئے پرُ عزم ہیں‘ ہلال ِاحمر پاکستان کے ساتھ اشتراک ہمارے لیے خوش آئند ہے‘ وفاقی دارالحکومت میں صحت و صفائی کی مہم، شجرکاری، ٹریفک قوانین سے آگاہی، خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم سے لے کر ہر یونین کونسل میں فرسٹ ایڈ کی تربیت دینے کے عمل میں ہلالِ احمر کے رضاکار ہمارے شانہ بشانہ ہوں گے۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے ہلالِ احمر پاکستان کے زیراہتمام ’’عالمی یومِ رضاکار‘‘ کی مناسبت سے والینٹئرسائیکل ریلی کے اختتام پرفیصل مسجد کے احاطہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

یہ ریلی فیصل مسجد سے فیصل چوک اور پھر فیصل چوک سے فیصل مسجد تک تھی۔اِس ریلی میں 50سے زائد رضاکار سائیکلسٹ شریک ہوئے۔ ریلی کا مقصد رضاکارانہ جذبوں کا فروغ، روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی، ٹریفک قوانین کی پاسداری کا پیغام پھیلانا تھا۔

’’عالمی یومِ رضاکار‘‘ کی مناسبت سے سائیکل ریلی میں مرد و خواتین سائیکلسٹ شریک ہوئے۔ شیخ انصر عزیز کا کہنا تھا کہ آج کا یہ ایونٹ میرے لیے باعث ِ طمانیت ہے، موجودہ حالات میں رضاکارانہ جذبوں کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ ہم نے سائیکلنگ ٹریکس تعمیر کیے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے کہا کہ ہم وی آئی پی مہم (والینٹئرز اِن پولیس) کا آغاز کررہے ہیں، ہلالِ احمر کے رضاکار ہمارے دست وبازوہوں گے۔

اِس موقع پر سینکڑوں رضاکاروں نے ہاتھ اُٹھا کر وی آئی پی مہم اور ایمبولینس کو راستہ دیں ، زندگی کو راستہ دیں کا حصہ بننے کا عہد کیا۔شعبہ یوتھ اینڈ والینٹئر کے سردار سمیع اللہ عباسی نے کہا کہ رضاکارانہ جذبوں کے فروغ میں ہلالِ احمر پاکستان اور بالخصوص یوتھ اینڈ والینٹئر ڈیپارٹمنٹ انتہائی مستعدی سے سرگرم عمل ہے۔ ہماری کاوشوں سے ملک بھر کے 92 اضلاع میں رضاکاروںکی ایک بڑی کھیپ مکمل فعال اور متحرک ہے۔

چیئرمین ڈاکٹر سعیدالٰہی کے وژن کے مطابق یہ تعداد آئندہ آنے والے سالوں میں 50 لاکھ ہوجائے گی۔تقریب سے ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب، بار ایسوسی ایشن کے نوید ملک اور قائمقام سیکرٹری جنرل ہلال ِاحمر عبیداللہ نے بھی خطاب کیا۔ہلالِ احمر کی جانب سے میئر شیخ انصر عزیز، ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری، ملک مطلوب، نوید ملک، میڈم عائشہ، مصباح مشتاق کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :