امت مسلمہ کو درپیش مسائل کی بنیادی وجہ رسولؐ اللہ کی طرز فکرکیمطابق معاشروں کو نہیں چلایا گیا،قاری مسعود احمد لاکھو

جمعرات 14 دسمبر 2017 21:46

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2017ء) ممتاز عالم دین علامہ قاری مسعود احمد لاکھو طاہری نے گوٹھ راہوجہ سائٹ ایریا سکھر میں جماعت اصلاح المسلمین کے زیر اہتمام میلاد مصطفیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمدؐ کی تعلیمات نوع انسانی کی سلامتی و بقا کی ضامن ہے، امت مسلمہ کو درپیش مسائل کی بنیادی وجہ رسولؐ اللہ کی طرز فکرکے مطابق معاشروں کو نہیں چلایا گیا۔

ہم بحیثیت مجموعی کسی نہ کسی طرحق تلفی کے مرتکب ہوتے رہے ہیں، ایسا معاشرہ انتشار اور عدم استحکام کا شکار ہوتا ہے، اس سے عدم تحفظ کا احساس اور بے سکونی پیدا ہوتی ہے۔ آپؐ کی تعلیمات اتنی موثر اور ہمہ گیر ہے کہ ڈیڑھ ہزار سال گزرنے کے باوجود اسی طرح قابل عمل ہے، یہ تعلیمات انسان کو درپیش مسائل کا حل فطری اصولوں کے مطابق فراہم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

مسلمان جب رسول ؐاللہ کے اخلاق حسنہ اور سنت پر خلوص نیت اور تفرقہ سے بالاتر ہوکر عمل پیرا ہونگے تو انہیں قدم قدم پر اللہ کی مدد اور اللہ کے رسول ؐ کی قربت نصیب ہوگی۔ محبت الہٰی صرف اسی صورت میں حاصل ہوسکتی ہے کہ رسول ؐاللہ کے ارشادات و اعمال کی پیروی کی جائے، اتباع سنت سے اللہ تک رسائی کے لیے اطمینان قلب کی ضرورت ہے اور آج کے دور میں اطمینان قلب کے لیے اولیاء اللہ کی صحبت ضروری ہے، آج کے دور میں سلسلہ نقشبندیہ ، طاہریہ کے سالار محبوب سجن سائیں حقیقی معنوں میں آقائے دو جہاں رحمت العالمین کی حقیقی تعلیمات و محبت کے پیغام کو پوری دنیا میں پھیلا رہے ہیں۔

اس موقع پر خلیفہ محمود علی میمن طاہری، خلیفہ اشرف جتوئی، ڈاکٹر سعید اعوان، حافظ اعجاز احمد طاہری، حافظ عظمت اللہ طاہری، حافظ نجیب اللہ طاہری، منور حسین کھوسو، آصف طاہری، صبغت اللہ طاہری، و دیگر موجود تھے۔