وزیر مملکت ماروی میمن کا سوات میں بابوزئی اور میامند کا دورہ، بی آئی ایس پی حکام، مستحقین اور معززین علاقہ سے ملاقاتیں

جمعرات 14 دسمبر 2017 21:16

وزیر مملکت ماروی میمن کا سوات میں بابوزئی اور میامند کا دورہ، بی آئی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے جمعرات کو سوات میں بابوزئی اور میامند کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بی آئی ایس پی حکام، مستحقین اور معززین علاقہ سے ملاقاتیں کیں۔ دورے کا مقصد مستحقین کے معیار زندگی پر بی آئی ایس پی کی جانب سے دی جانے والی مالی معاونت کے اثرات کا جائزہ لینا اور بی آئی ایس پی دفاتر کی خدمات کی فراہمی کے معیار کی مانیٹرنگ کرنا تھا۔

بی آئی ایس پی کی تیسری آئی ای آر کے مطابق بی آئی ایس پی کی بدولت غربت میں 7 فیصد اور پاورٹی گیپ میں 3 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ بچیوں کی غذائی قلت میں 11 فیصد کمی ہوئی کیونکہ 80 فیصد مستحقین وظائف کو خوراک پر خرچ کرتی ہیں۔ بی آئی ایس پی وسیلہ تعلیم کے تحت 5-12سال کی عمر کے بچوں کا پرائمری سکولوںمیں اندراج میں بین الاقوامی اوسط کے مقابلے میں 10 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

بی آئی ایس پی کی بدولت خواتین کی نقل حرکت میں 37 فیصد بہتری آئی اور 76 فیصد خواتین کو اپنے وظائف پر مکمل اختیار حاصل ہے۔ مستحقین کے ساتھ ملاقا ت کے دوران، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مستحقین سے انکی زندگیوں پر بی آئی ایس پی وظائف اور اس کے استعمال سے ہونے والے اثرات کے بارے میں پوچھا۔ مستحقین نے بتایا کہ بی آئی ایس پی وظائف سے وہ اپنے روزمرہ کے اخراجات، خوراک، تعلیم اوربچوں کی صحت سے متعلق ضروریات کو پورا کررہی ہیں ۔

اس کے علاوہ قرضوں کی ادائیگی، چھوٹے کاروبار شروع کرنے اور کچھ رقم بچانے میں بھی ان وظائف کی بدولت انہیں مدد مل رہی ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے یہ بھی پوچھا کہ کیا وہ اے ٹی ایم کے ذریعے رقم نکلوانے کے موجودہ نظام سے خوش ہیں۔ انہوں نے مستحقین کو بتایا کہ اے ٹی ایم کو استعمال کرنے میں پیش آنے والی مشکلات پر قابو پانے کیلئے بی آئی ایس پی جلد ہی ادائیگی کے نظام کو بائیومیٹرک تصدیق کے نظام (بی وی ایس) پر منتقل کررہا ہے۔

انہوں نے انکے مسائل کو حل کرنے کیلئے بی آئی ایس پی عملے کی جانب سے تعاون کے معیار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔مستحقین نے بی آئی ایس پی تحصیل آفس کی جانب سے خدمات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بی آئی ایس پی حکام کو ہدایت دی کہ وہ مستحقین کے تحفظات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں۔آمدنی میں اضافے اور بے روزگاری کے مسائل کے حل کیلئے، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مستحقین پر زوردیا کہ وہ بی آئی ایس پی وظیفے میں سے رقم کی بچت کریں اور ہنر سیکھنے یا روایتی دستکاریاں اور مصنوعات بنانے میں خرچ کریں تاکہ وہ اپنے آپ کو غربت سے باہر نکال سکیں۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مقامی ناظم رضا خان کے ہمراہ میامند میں بی آئی ایس پی کی مستحق خاتون سلطانہ کے گھر کا بھی دورہ کیا۔ چیئرپرسن کے بی آئی ایس پی سے موصول ہونے والے پیسے نکلوانے سے متعلق سوال کے جواب میں سلطانہ نے بتایا کہ وہ بی آئی ایس پی سے موصول ہونے والے پیسے خود نکلواتی ہے اوروہ پورے 4834 روپے وصول کرتی ہے۔ معززین علاقہ اور ضلعی صدر میامند پاکستان مسلم لیگ (ن ) صادق خان کی زیر قیادت مقامی حکومتی نمائندگان سے ملاقات کے دوران ، وزیر مملکت نے کہا کہ قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری اپڈیٹ کرنے کیلئے، بی آئی ایس پی جلد ہی ملک گیر سروے کا انعقاد کرے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ سروے ٹیموں کیساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ کوئی مستحق خاندان نئے سروے میں نہ رہ جائے۔

متعلقہ عنوان :