مریدکے،شرکت گاہ اور نئی امید ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ انتظام ’’ ماں بچّہ کی صحت ‘‘کے حوالے سے ’’ پبلک پالیسی ڈائیلاگ‘‘ کا انعقاد

پروگرام کا مقصد کمیونٹی کے صحت اور بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل منتخب عوامی نمائندوں تک پہنچانا اور اُن کو حل کرنے کے لئے اپنی سفارشات پیش کرنا تھا

جمعرات 14 دسمبر 2017 21:04

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء)شرکت گاہ اور نئی امید ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ انتظام ’’ ماں بچّہ کی صحت ‘‘کے حوالے سے ’’ پبلک پالیسی ڈائیلاگ‘‘ کا انعقاد کیِا گیاجس میں رکن صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ پبلک پالیسی ڈائیلاگ میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال فیروزوالہ ڈاکٹر حفیظ حسین ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زبیر ، گائناکولوجسٹ ڈاکٹر بشریٰ ، تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد ارشد خان ، لیڈ ی ہیلتھ سپروائزر میڈم خالدہ انور ، لیڈی ہیلتھ ورکرز ،حسنین ملک چیئرمین یونین کونسل شامکے ، کونسلر ز ، میڈیا ، WHRAPچیمپئنز ، میل الائز اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کا مقصد کمیونٹی کے صحت اور بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل منتخب عوامی نمائندوں تک پہنچانا اور اُن کو حل کرنے کے لئے اپنی سفارشات پیش کرنا تھا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر بشریٰ گائناکولوجسٹ نے کہا کہ نئی امید ویلفیئر اور شرکت گاہ کی چیمپینز کی وجہ سے ہمارے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال میںڈیلیوریز اور حمل کے دوران چیک اًپ میں اٖضافہ ہوا ہے اور لوگ چیمپئنز کے ذریعے بلا جھجک اپنے علاج معالجہ کے لیے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹر سے رجوع کر تے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول نے کہا کہ شرکت گاہ اور نئی امید ویلفیئر سوسائٹی نے ہمارے چھ گائوں میں کمیونٹی کو تولیدی صحت اور کمپیوٹر رائزڈ برتھ رجسٹریشن کے حوالے سے معلومات فراہم کی ہیں جس کی وجہ سے ہسپتالوں اور یونین کونسل کی طرف لوگوں کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ چیمپینز اپنی کمیونٹی کے مسائل کے لئے مجھ سے رابطہ کر سکتی ہیں۔

چیمپینز نے پیر اشرف رسول کے اُن تمام کاموں کا شکریہ ادا کیِا جو انہوں نے اپنے وعدے کے مطابق مکمل کروائے تھے اور کہا کہ ہم نے جب بھی ان سے اپنی کمیونٹی کے مسائل کی بات کی تو انہوں نے بڑے غور بات سن کر مسائل کو فوری حل کروایا۔پیر اشرف رسول نے کہا کہ شرکت گاہ اِ س قسم کے پروگرام ضرور کرواتا رہے تاکہ عوام کے مسائل جلدی حل ہو سکیں اور کمیونٹی کا رابطہ بھی رہے۔

ساجدہ پروین سینئر پروگرام آفیسر شرکت گاہ نے کہا کہ اًب حکومتِ پنجاب نے دیہی علاقوں کی حاملہ خواتین کے لئے 24گھنٹے فری ایمبولینس کی سہولت بھی دے رکھی ہے ، لہذا چیمپینزکو چاہئے کہ وُہ اِس سہولت کو استعمال میں لانے کے لئے لوگوں کو آگاہ کرتی رہیں تاکہ بروقت ماں کو ہسپتال پہنچایا جا سکے۔نئی امید ویلفیئر سوسائٹی کی جنرل سیکرٹری وینس حمید نے کہا کہ خواتین کو چاہئے کہ وُہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں جانے کی بجائے گورنمنٹ کے ہسپتالوں کی سہولیات کو ترجیح دیں ۔کمیونٹی نے شرکت گاہ اور نئی امید ویلفیئر سوسائٹی کے طرف سے پبلک ڈائیلاگ پروگرام کے انعقاد کو سراہا۔