Live Updates

ملک میں پہلی بار طاقت ور کا احتساب ہوا، عمران خان

کرپشن کے گاڈ فادر کو جے آئی ٹی نے عدالتوں میں گھیسٹا، پوری کرپٹ مافیا کو واضح پیغام گیا کہ اب سب کی باری آئے گی، چیئرمین تحریک انصاف جہاں طاقتور اور کمزور کیلئے الگ الگ قانون ہوں ایسا معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا،کوئی بھی ملک قانون کی بالادستی کو ممکن بنائے بغیر ترقی نہیں کرسکتا ،قانون کی بالادستی سے ہی ترقی و خوشحالی ممکن ہوسکتی ہے آنے والے دنوں میں بڑی تبدیلی آرہی ہے ۔پاکستان اسی تبدیلی سے اٹھے گا، کراچی بار میں وکلاء کی تقریب سے خطاب

جمعرات 14 دسمبر 2017 20:57

ملک میں پہلی بار طاقت ور کا احتساب ہوا، عمران خان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی بار طاقت ور کا احتساب ہوا، کرپشن کے گاڈ فادر کو جے آئی ٹی نے عدالتوں میں گھیسٹا،اس سے پوری کرپٹ مافیا کو واضح پیغام گیا کہ اب سب کی باری آئے گی۔عمران خان نے کراچی بار میں وکلا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں طاقتور اور کمزور کیلئے الگ الگ قانون ہوں ایسا معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

کوئی بھی ملک قانون کی بالادستی کو ممکن بنائے بغیر ترقی نہیں کرسکتا ۔قانون کی بالادستی سے ہی ترقی و خوشحالی ممکن ہوسکتی ہے ۔عمران خان نے کہا کہ ماضی میں عدالتوں نے کبھی طاقتور پر ہاتھ نہیں ڈالا۔لیکن پانامہ کیس نے تاریخ بدل دی ہے ۔اب پاکستان ہمیشہ کیلئے بدل چکا ہے ۔

(جاری ہے)

پانامہ کیس کے فیصلے کیلئے سوا سال تک جدوجہد کی۔اب فیصلہ کن مرحلہ آگیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اب تک نہیں کہا کہ وہ معصوم ہیں ۔وہ ہر بار یہی کہتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا۔جس کامطلب ہے کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ و ہ طاقتور ہیں اس لئے عدالت انہیں کیسے بلاسکتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جدو جہد کرنے والا انسان مایوس نہ ہو یہ ناممکن ہے، میں بھی بہت دفعہ مایوس ہوا لیکن ہار نہیں مانی۔ ہار ماننے والا اپنے مقصد سے پیچھے ہٹ جاتا ہے۔

اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ انصاف معاشرے کو آزاد کرتا ہے اورجہاں انصاف نہیںوہاں جنگل کاقانون ہو تا ہے۔عمرا ن خان نے کہا کہ نوازشریف پر 300 ارب ڈالرکی منی لانڈرنگ کاالزام ہے، وزیرخزانہ مفرورہیں،ان پرمنی لانڈرنگ کرانے کاالزام ہے، ایک وزیردبئی کمپنی میں سیکیورٹی گارڈہوتوملک کیسے ترقی کریگا اگرقیادت کرپٹ ہوتوملک تباہی کی طرف جاناشروع ہوجاتاہے، وزیراعظم صرف ملک کے ادارے تباہ کر کے کرپشن کرسکتاہے،۔

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کو اچھی طرح معلوم ہے کہ پبلک آفس ہولڈر کیا ہوتا ہے ۔اور قانون کہتا ہے کہ اسے اثاثوں کا جواب دینا پڑتا ہے لیکن نوازشریف کمال ڈھٹائی سے کہتے ہی کہ میرے اثاثے آمدن سے ذیادہ ہیں تو تمہیں کیا عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کی کرپشن خطرے میں ہے ۔یہ جو کہتے پھرتے ہیں کہ جمہوریت کو خطرہ ہے دراصل خطرہ جمہوریت کو نہیں بلکہ ان کی کرپشن کو ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ فرسودہ نظام کی وجہ سے کرپٹ مافیا اقتدار میں آجاتی ہے ۔یہ پہلے حکومت میں آتے ہیں پھر جیل جاتے ہیں ۔ماضی میں آصف زرداری وزیراعظم ہاؤس سے جیل گئے اور جب پی پی پی کی حکومت دوبارہ آئی تو پھر وزیر اعظم ہاؤس آگئے ۔عمران خان نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بڑی تبدیلی آرہی ہے ۔پاکستان اسی تبدیلی سے اٹھے گا
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات