مسلم لیگ ن کا آئندہ ماہ سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

حکومت آئینی مدت پوری اور آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے ،لندن میں اعلی سطحی اجلاس میں قبل از وقت انتخابات کے امکان کو مسترد کردیا گیا

جمعرات 14 دسمبر 2017 20:44

مسلم لیگ ن کا آئندہ ماہ سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء) مسلم لیگ ن نے ا آئندہ ماہ سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، مسلم لیگ ن کے لندن میں ہونے والے اعلی سطحی اجلاس میں قبل از وقت انتخابات کے امکان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا اور کہا گیا کہ حکومت آئینی مدت پوری کرے گی اور آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت کا اجلاس لندن میں ہوا ، سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی شریک ہوئے ، اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کریگی اور آئندہ انتخابات وقت پر ہوں گے،آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ ن ہی کامیاب ہو گی،، خطرات ہمیشہ رہتے ہیں اور جب سے پاکستان بنا ہے جمہوریت کو خطرات ہیں لیکن فکر نہ کریں ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ لندن میں ایک اجلاس تھا تو نوازشریف سے ملنے بھی آگئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کی مدت مکمل نہ کرنے والی بات ایازصادق کی ذاتی رائے ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کو کوئی تحفظات ہیں تو دور کروں گا۔او آئی سی اجلاس سے متعلق سوال پر وزیراعظمشاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’ہمارا کام ہے اس مسئلے کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے، اسلامی دنیا نے ایک واضح موقف لیا ہے، امید ہے امریکا ضرور کچھ سوچے گا‘۔

اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین کا 22 مہینے اسٹے آرڈر رہا ،ماڈل ٹاؤن کا واقعہ بہت افسوسناک تھا ،میں نے کہا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کمیشن بنانے کیلیے درخواست دوں گا، 17 جون 2014 کو میں نے پریس کانفرنس کی تھی،سانحہ ماڈل ٹائون میں تمام ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کیساتھ ہیں لیکن لاشوں کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بھی میڈیا سے گفتگو کی اور کہالیکشن مہم اگلے مہینے شروع ہوجائے گی ، اگر فاٹا پر اختلافات ہیں تو فاٹا کی 70 سال پرانی تاریخ کو بدل رہے ہیں ، الیکشن جیت کر ان کی جماعت دوبارہ حکومت بنائے گی۔لیگی اراکین کے استعفوں کے سوال پر وزیر خارجہ نے کہا کہ ابھی تک اسپیکر کے پاس کوئی استعفیٰ نہیں پہنچا۔

متعلقہ عنوان :