نواز شریف کیلئے الگ اور ہمارے لئے الگ قانون ہے، شرجیل میمن

ہمارا نام ای سی ایل میں اور وہ با آسانی لندن آ جارہے ہیں، احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگو

جمعرات 14 دسمبر 2017 20:16

نواز شریف کیلئے الگ اور ہمارے لئے الگ قانون ہے، شرجیل میمن
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء) سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ نیب ایک سوالیہ نشان بن چکا ہے، نواز شریف اپنے اہل خانہ کے ساتھ لندن میں جب چاہے آجا سکتا ہے مگرہمارے لئے صرف جیل ہیں۔کراچی کی احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ملک میں نیب کا دوہرامعیار اور قانون ہے سب دیکھ رہے ہیں ، کسی سے چھپا نہیں ہے، نیب نے نواز شریف اور اہل خانہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا کہا جس پر عمل نہیں ہوا، وہ آسانی کے ساتھ لندن آجارہے ہیں۔

شرجیل میمن نے تحریک انصاف کے کراچی میں ہونے والے جلسے پر کہا کہ ہر پارٹی کا حق ہے کہ وہ اپنی مہم چلائے رزلٹ دینا عوام کا کام ہے۔علاوہ ازیں سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن و دیگر کے خلاف ریفرنس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ چھ لوگ عدالت کو دباؤ میں لانے کی کوشش کررہے ہیں، یہ کڑواسچ ہے اور ہم نے مان بھی لیا ہے کہ پاکستان میں دو قانون ہیں ایک امیر اور دوسرا غریب کے لیے، یہں آٹھ دس با اثر لوگ اسپتال میں اور سینکڑوں مریض جیل میں سڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے مزید کہا کہ پولیس کو سو روپے رشوت نہ دینے پر گولی مار دی جاتی ہے، غریب کا کہیں علاج نہیں ہوتا پھر ٹانگ کاٹ دی جاتی ہے، سمجھ سے بالاتر ہے لوگ عدالت کو کیوں دباؤ میں لانا چاہتے ہیں،ان کے لئے اچھا ہے کہ وقت اور پیسہ ضائع نہ کریں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت23 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آئندہ سماعت پر شرجیل میمن کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :