فاروق ستار نے پارٹی چھوڑنے والے 11 ارکان اسمبلی کیخلاف ریفرنس دائر کردیا

دائر ریفرنس میں رکن قومی اسمبلی آصف حسنین اور سلمان بلوچ سمیت 9 صوبائی اسمبلی کے ارکان بھی شامل ہیں دوسری جماعتوں میں شامل ہو نے والے ان ارا کین کو ڈی سیٹ کیا جائے ،فاروق ستار

جمعرات 14 دسمبر 2017 19:47

فاروق ستار نے پارٹی چھوڑنے والے 11 ارکان اسمبلی کیخلاف ریفرنس دائر کردیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پارٹی چھوڑنے والے 11 ارکان اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کا ریفرنس الیکشن کمیشن میں دائر کر دیا۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پارٹی چھوڑ کر دوسری جماعتوں میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کا ریفرنس الیکشن کمیشن میں جمع کرایا۔

ریفرنس میں الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے پارٹی ٹکٹ پر منتخب ہونے والے ان 11 ارکان کو ڈی سیٹ کیا جائے جو دوسری جماعتوں میں شامل ہوگئے ہیں۔فاروق ستار کی جانب سے دائر ریفرنس میں 2 قومی اور 9 صوبائی اسمبلی کے ارکان شامل ہیں جن میں رکن قومی اسمبلی آصف حسنین اور سلمان بلوچ بھی شامل ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے رکن سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی، شیخ عبداللہ، خالد بن ولایت، ارتضیٰ خلیل، ندیم راضی، عبدالرزاق، عارف مسیح اور بلقیس مختیار کی نااہلی کا ریفرنس دائر کیا ہے۔

(جاری ہے)

ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تمام اراکین نے ایم کیو ایم پاکستان چھوڑ کر دوسری پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے اس لئے انہیں ڈی سیٹ کیا جائے۔ خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی سلمان بلوچ نے 8 دسمبر کو پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا جب کہ آصف حسنین نے گزشتہ سال 28 اگست کو پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔