معاشرے کو دولت کی تقسیم میں عدم توازن، شرح خواندگی کی کمی، بدامنی اور دہشت گردی کا سامنا ہے،محمد خان اچکزئی

چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے شہر کے پڑھے لکھے لوگوں کو اپنا مؤثر کردار ادا کرناہوگا،گورنر بلوچستان

جمعرات 14 دسمبر 2017 19:20

معاشرے کو دولت کی تقسیم میں عدم توازن، شرح خواندگی کی کمی، بدامنی اور ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ آج ہمارے معاشرے کو دولت کی تقسیم میں عدم توازن، شرح خواندگی کی کمی، بدامنی اور دہشت گردی کا سامنا ہے۔ ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے شہر کے پڑھے لکھے لوگوں کو اپنا مؤثر کردار ادا کرناہوگا۔ متوازن اور ہم آہنگ معاشرے کا قیام کے لئے پیچیدہ سوالوں کے جواب حاصل کرنے اور مسائل کو حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔

مجھے اس بات کا اعتراف ہے کہ بیوٹمز کی کارکردگی کسی بھی بڑے تعلیمی ادارے سے کم نہیں ہے اور موجودہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے توقع کی جاسکتی ہے کہ آپ کا ادارہ مستقبل قریب میں بین الاقوامی معیار کے مطابق خدمات انجام دے رہا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمز کے تیرہویں کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اراکین پارلیمنٹ، ماہرین تعلیم،طلباء وطالبات اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گورنر بلوچستان نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء وطالبات میں گولڈ میڈلز اور بیج آف آنرز تقسیم کئے۔ 13ویں کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے والدین اور خاص طور سے اساتذہ کرام پر زور دیا کہ طلباء کی کردار سازی اور اخلاق سنوارنے پر خصوصی توجہ دیں اور طلباء میں اختلاف رائے کو برداشت کرنے کی صلاحیت او رآداب محفل سمیت بردباری کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔

انہوں نے طلباء میں نقل اور تخلیقیت سے عاری مواد کی مقبولیت کا نوٹس لیتے ہوئے اساتذہ سے کہا کہ وہ اپنے شاگردوں میں تخلیق کاری اور جدت پسندی کو فروغ دینے پر خاص توجہ دیں۔ گورنر نے فارغ التحصیل طلباء وطالبات کے لئے نیک تمناؤں اور عملی زندگی میں ان کی کامیابی اور سرخروئی کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بیوٹمز کے وائس چانسلر احمد فاروق بازئی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ کانووکیشن طالب علموں کی زندگی میں نہایت پرمسرت اور مبارک موقع ہوتا ہے۔ اپنی خوشیوں کو برقرار رکھنے اور آگے بڑھانے کے لئے ضروری ہے کہ آپ نے اپنے مشفق اساتذہ اور اپنے تعلیمی اداروں سے جو کچھ سیکھا ہے عملی زندگی میں انہیں پوری طرح بروئے کار لائیں۔ اس طرح آپ معاشرے میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ آخر میں گورنرنے طلباء وطالبات کو ایک بار پھر مبارکباد دی اور زندگی میں ان کی کامیابیوں کے لئے دعاکی۔

متعلقہ عنوان :