Live Updates

سپریم کورٹ عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف نا اہلی کیس کا فیصلہ (کل) سنائے گی

چیف جسٹس کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ 14 نومبر کو محفوظ کیا تھا

جمعرات 14 دسمبر 2017 18:56

سپریم کورٹ عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف نا اہلی کیس کا فیصلہ (کل) ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) سپریم کورٹ آف پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کیخلاف نا اہلی کیس کا فیصلہ (آج) جمعہ کو سنائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء حنیف عباسی کی جانب سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران اور جہانگیر ترین کیخلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو آج جمعہ کو دوپہر دو بجے سنایا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے بطور وکیل نعیم بخاری جبکہ درخواست گزار حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے دلائل دیئے۔ درخواست گزار حنیف عباسی نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین پر اثاثے چھپانے اور آف شور کمپنیاں رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں نا اہل قرار دینے کی علیحدہ علیحدہ درخواستیں سپریم کورٹ میں دائر کی تھیں۔

(جاری ہے)

14 نومبر2017ء کو سماعت مکمل ہونے پر سپریم کورٹ نے عمران خان اور جہانگیر ترین نا اہلی کیس کا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے وکلاء سے کہا تھا کہ یہ امید نہ رکھیں کہ فیصلہ کل آ جائے گا تاہم اب سپریم کورٹ نے تقریبا ایک ماہ قبل محفوظ کیا گیا فیصلہ (آج) جمعہ کو دوپہر دو بجے سنانے کا اعلان کیا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات