صوبائی وزیرمحنت وا نسانی وسائل سے امریکی قونصل جنرل ایلزبتھ کینڈی ٹروڈوکی ملاقات

حکومت پنجاب نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے موثراقدامات کیے ہیں‘ راجہ اشفاق سرور

جمعرات 14 دسمبر 2017 18:36

صوبائی وزیرمحنت وا نسانی وسائل سے امریکی قونصل جنرل ایلزبتھ کینڈی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) صوبائی وزیرمحنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرورسے امریکی قونصل جنرل ایلزبتھ کینڈی ٹروڈو نے یہاںاُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مسٹر ڈیوڈ رینز ایکٹنگ ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری سائوتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران انسانی سمگلنگ کی روک تھام سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے انسانی سمگلنگ کی موثرروک تھام کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومت متعلقہ قوانین پرسختی سے عملدرآمدکر رہی ہے تاکہ اس مسئلے کی مکمل روک تھام ہو سکے۔ اس سلسلے میں پنجاب حکومت پہلے ہی وفاقی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے چائلڈ لیبر کے مکمل انسداد کے لیے بے وسیلہ بچوں کی مفت تعلیم کے بے مثال اقدامات کیے ہیں۔

اس حوالے سے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے توسط سے 25 لاکھ سے زائد بے وسیلہ طلبہ و طالبات کو میٹرک تک مفت تعلیم کی سہولت مہیا کی گئی ہے جبکہ پنجاب انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ذہین مگر وسائل کی کمی کا شکارلاکھوں طالب علموں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل رہا ہے۔دریں اثناء محکمہ لیبرکی جانب سے بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم تک رسائی ممکن بنانے کا پراجیکٹ بھی لانچ کیاگیا ہے۔

ہماری کوشش ہے کہ صوبہ پنجاب میں کوئی بچہ غربت یا وسائل کی کمی کی بنا پر تعلیم سے مرحوم نہ رہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی تعلیمی اصلاحات کا عالمی سطح پربھی اعتراف کیا گیا ہے ۔ اِس موقع پر امریکن وفد نے پنجاب حکومت کے مزدور دوست ویژن اور اِس سلسلے میں اُٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :