تعلیم میں سرمایہ کاری قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے،

پاکستان میں طبی تعلیم کے معیار میں بہتری آئی ہے، پاکستان کے طبی ماہرین نہ صرف ملک بلکہ دنیا بھر میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں، وزیر اعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کے تحت تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف الائیڈ سائنسز کے پہلے کانووکیشن سے خطاب

جمعرات 14 دسمبر 2017 18:31

تعلیم میں سرمایہ کاری قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ تعلیم میں سرمایہ کاری اقوام کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے،جو اقوام اپنے مستقبل کی فکر نہیں کرتیں ان کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا، پاکستان میں طبی تعلیم کے معیار میں بہتری آئی ہے جس کی بدولت پاکستان کے طبی ماہرین نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں، وزارت کیڈ کے دائرہ اختیار میں شامل سکولوں اور کالجوں میں وزیر اعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کے تحت تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف الائیڈ سائنسز کے پہلے کانووکیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے تقریب میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔ تقریب سے یونیو رسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمر نے بھی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کو حالیہ مالی سال میں ریکارڈ فنڈ مہیا کئے ہیں جس کی بدولت راولپنڈی میڈیکل کالج احسن طریقے سے یونیورسٹی میں اپ گریڈ ہوا اور اس میں تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا۔

انھوں نے کہا کہ طبی دنیا میں بیماریوں کے علاج سے زیاد ہ بیماریوں کی روک تھام پر کام کیا جا رہا ہے جس سے دنیا میں صحت کا معیار مزید بہتر ہوا ہے ۔وزیر مملکت جنھوں نے میڈیکل کی تعلیم راولپنڈی میڈیکل کالج سے حاصل کی تھی ، نے طلباء کو پیشہ وارانہ زندگی میں آنے والی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ طبی ماہرین کے ہاتھ میں ایساہنر ہے جس کی بدولت انسانیت کی خدمت کی جا سکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :