شریعت کے نام ووٹ لینے والوں کے برعکس ہم نے صوبہ میں اسلامی قانون سازی کرکے اسلام کی حقیقی معنوں میں خدمت کی،اسدقیصر

صوابی میں اربوں روپے ترقیاتی منصوبوں کا اجراء کرکے سابق ادوار کی محرومیوں کا خاتمہ کیا،ضلع کو ترقی یافتہ ضلعوں کے ہم پلہ بنا نا میرا مشن ہے، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

جمعرات 14 دسمبر 2017 18:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2017ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ شریعت کے نام ووٹ لینے والوں کے برعکس پی ٹی آئی کی حکومت نے صوبہ میں اسلامی قانون سازی کرکے اسلام کی حقیقی معنوں میں خدمت کی، ضلع صوابی میں اربوں روپے ترقیاتی منصوبوں کا اجراء کرکے سابقہ ادوار کے محرومیوں کا خاتمہ کیا ۔صوابی کو ترقی یافتہ ضلعوں کے ہم پلہ بنا نا میرا مشن ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار موضع ہملٹ ضلع صوابی میں ساڑھے چار کروڑ روپے کی لاگت سے گورنمنٹ سیکنڈری سکول کی تعمیراتی کام کے افتتاح اور موضع مینئی میں بڑے شمولیت جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔جلسے سے تحصیل ناظم سہیل خان یوسفزئی اور پی ٹی آئی کے ضلعی راہنماحاجی رنگیز خان ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

مقررین نے سپیکر اسد قیصر کی جانب سے جاری کر دہ ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ان منصوبوں سے ضلع بھر کے عوام پر بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوام کے لئے روز گار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ۔

سپیکر نے کہا کہ یہاں سے سابقہ ادوار میں منتخب ہونے والے اے این پی ،مسلم لیگ اور ایم ایم اے کے ممبران اسمبلی نے اس علاقے کو محرومیت کے سوا کچھ نہیں دیا ۔صرف خالی خول نعروں کی سیاست کر کے اپنا وقت گزارتے رہے ۔سپیکر نے کہاکہ میں نے منتخب ہوتے ہی ضلع صوابی میں تعلیم ،صحت ،آبنوشی کی مدوں میں میگا منصوبوں کا اجراء کرنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں کا جال بچھا یا ۔

انہوںنے کہا کہ بٹاکڑہ میں جلد ٹیکنیکل یونیورسٹی کاقیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔این اے ۔13میں ہر گھر کو سوئی گیس فراہم کی جارہی ہے ۔میڈیکل کالج،وومن یونیورسٹی کے قیام کے علاوہ متعدد دیگر پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں ۔جن کی تکمیل علاقہ میں خوشحالی کا دورشروع ہو گا ۔انہوںنے کہا کہ اپوزیشن کی پارٹیوں کے امیدوار کس منہ سے ووٹ لینے آتے ہیں۔

انہوںنے اپنے ادوار میں عوام کی کیا خدمت کی ہے ۔عوام کو چاہیئے کہ وہ ان سے یہ سوال ضرور پوچھیں۔ سپیکر نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے مرکزی حکومت سے خیبر پختونخوا کیلئے منصوبوں کی منظور ی پشاور ہائی کورٹ کی وساطت سے حاصل کی ۔انہوںنے کہا کہ انہوںنے پختونوں کی حقوق کیلئے مرکزی حکومت سے جنگ لڑی جس میں وہ کامیاب ہوئے۔انہوںنے کہا کہ یہ جیت پختونوں کی جیت ہے ۔

سپیکر نے کہا کہ ایم ایم اے کی سابقہ حکومت نے شریعت کے نام پر ووٹ لئے لیکن اپنے دور میں صرف زبانی جمع خرچ کیا ۔کوئی ایک قانون نہ پاس کر سکے ۔جبکہ ان کے برعکس صوبائی حکومت نے سود کے خلاف قانون سازی کی ،سکولوں میں ناظر ہ قرآن اور قرآن باترجمہ پڑھانے کا نظام نافذ کیا ۔حضرت عمرؓ کی شہادت کے دن عام تعطیل کا اعلان کیا ۔مساجد کو سولرلائٹس پر منتقل کیا اور اب مساجد کے آئمہ کرام کیلئے وظائف مقرر کرنے کا اعلان کیا ۔انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صوبہ میں اسلامی قوانین پاس کرکے حقیقی معنوں میں اسلام روشنی کا ثبوت دیا ہے ۔